وفاقی وزیر علی امین خان گنڈا پور کی زیرصدارت گلگت بلتستان کو آئینی و انتظامی حقوق دینے کے حوالہ سے قائم کمیٹی کا پہلا اجلاس

110
APP93-19 ISLAMABAD: November 19 - Federal Minister For Kashmir Affairs and Gilgit-Baltistan Ali Amin Khan Gandapur chairing first meeting of committee constituted for GB Reforms. APP

اسلام آباد ۔ 19 نومبر (اے پی پی) گلگت بلتستان کو آئینی و انتظامی حقوق دینے کے حوالہ سے وفاقی حکومت کی جانب سے قائم شدہ کمیٹی کا پہلا اجلاس پیر کو وفاقی وزیر امورکشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پور کی سربراہی میں یہاں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر امور کشمیر کے علاوہ وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم، اٹارنی جنرل آف پاکستان، گورنر گلگت بلتستان، وزیر قانون گلگت بلتستان، خارجہ، دفاع اور امور کشمیر کے وفاقی سیکرٹریز، چیف سیکرٹری گلگت بلتستان اور گلگت بلتستان کونسل کے جوائنٹ سیکرٹری نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر امور کشمیر نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی پر یقین رکھتی ہے جس کا واضح ثبوت صوبہ خیبر پختونخوا میں پچھلے دورحکومت میںاس کی جانب سے قائم شدہ بلدیاتی نظام ہے۔ انہوں نے کہا کہ اُن کی حکومت نے صوبہ خیبر پختونخوا میں ایک آئیڈیل نظام کے تحت اختیارات نچلی سطح پر منتقل کیے جس سے عوام کے بنیادی مسائل کو نچلی سطح پر حل کرنے میں بھرپور مدد ملی۔