وفاقی وزیر غلام سرور خان کی محکمہ سوئی گیس راولپنڈی ریجن سے باز پرس

238

راولپنڈی29دسمبر(اے پی پی ) وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان نے راولپنڈی میں گیس بحران پر فوری قابو پانے کے لیے اقدامات کی ہدایت کر دی ،محکمہ سوئی گیس راولپنڈی ریجن کو سسٹم میں اضافی گیس شامل کرنے کی بھی ہدایات جاری کر دی گئیں ،وفاقی وزیر نے کہا کہ راولپنڈی شہر اور گردو نواح میں گیس پریشر میں کمی کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہو گا ۔یہ بات انہوں نے ہفتہ کو پنجاب ہائوس راولپنڈی میں ڈویژن بھر سے آئے ہوئے قومی و صوبائی اسمبلی کے اراکین سے ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر غلام سرور خان نے محکمہ سوئی گیس کے حکام کو بھی طلب کر رکھا تھا اور ان سے صارفین کی شکایات کے حوالے سے باز پرس بھی کی ۔ ملاقات میں رکن قومی اسمبلی شیخ راشد شفیق نے راولپنڈی شہر اور گردو نواح میں گیس پریشر میںکمی کی شکایات بارے وفاقی وزیر کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر عمائدین شہر نے بھی وفاقی وزیر کو بیشتر علاقوں میں گیس کی کمی کے مسئلہ سے آگاہ کیا ۔ وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان نے راولپنڈی کے ریجنل منیجر محمد ظہور اور چیف انجینئر جاوید خان کو ہدایت کی کہ وہ گیس پریشر میں کمی سے متعلق اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور عوامی شکایات کے ازالہ کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کریں ۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس ضمن میں کسی قسم کے تاخیری حربے ہر گز برداشت نہیں کئے جائیں گے۔ انہوں نے سوئی گیس حکام کو ہدایت کی وہ گیس دبائو میں کمی کے مسئلے کو فوری طور پر حل کرنے کیلئے متبادل ذرائع سے اضافی گیس سسٹم میں شامل کریں، انہوں نے متاثرہ علاقوں میںپریشنل فیزڈالنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے گیس حکام سے جلد رپورٹ طلب کر لی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سیلز ٹرانسمیشن(ایس ایم ایس) رنیال اور روات سے اضافی گیس سسٹم میں شامل کرنے اور انڈر سائز پائپ لائن کی تبدیلی اور اپ گریڈیشن سے گیس دبائو میں کمی میں قابو پا لیا جائے گا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر غلام سرور خان نے گیس صارفین کی شکایات کے ازالہ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ گیس حکام تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے عوامی شکایات کے بروقت ازالہ کو یقینی بنائیں ۔ تحصیل گوجر خان کے گیس صارفین کی شکایات کے ازالہ کیلئے گوجر خان میں سب ایریا کھولنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے گیس حکام سے کہا کہ وہ اس سلسلہ میں اوگرا سے رابطہ کریں اس موقع پر اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور وعمائدین علاقہ نے وفاقی وزیر غلا م سرور خان کا شکریہ ادا کیا۔بعد ازاں وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان نے چوہدری محمد افضل و دیگر کے ہمراہ سینئر صحافی حاجی محمد نواز رضا سے ان کے والد گرامی کی وفات پر فاتحہ خوانی کی اور تعزیت کی ۔اس موقع پر طارق سمیر ،شاہد اکرم ،حماد قریشی و دیگر موجود تھے ۔