وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نےاسلامیہ ہسپتال چنیوٹ میں میڈیکل کیمپ کا افتتاح کیا

114

چنیوٹ۔29دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بحری امور قیصر احمد شیخ نے اتوار کواسلامیہ ہسپتال چنیوٹ میں ایک بڑے میڈیکل کیمپ کا افتتاح کیا۔

اس کیمپ سے سینکڑوں افراد مستفید ہوئے، جہاں مختلف اقسام کے مفت میڈیکل ٹیسٹ کیے گئے اور مریضوں کو مفت ادویات فراہم کی گئیں۔

یہ کیمپ انجمن اسلامیہ کے زیر اہتمام منعقد ہوا جس سے ضلع بھر کی عوام نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔انجمن اسلامیہ کے عہدیداران نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے کہا کہ جنوری میں چنیوٹ جی سی یونیورسٹی کا افتتاح کیا جائے گا، جس پر دو ارب روپے کی لاگت آئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ چنیوٹ میں اب دو یونیورسٹیاں موجود ہیں جو کہ کم اضلاع میں ہی ممکن ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ چنیوٹ میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری ہے اور عوام کو صحت و تعلیم کی بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے اسلامیہ ہسپتال کے میڈیکل کیمپ میں اپنا شوگر ٹیسٹ بھی کروایا اور اطمینان کا اظہار کیا۔قبل ازیں وفاقی وزیر نے ڈپٹی کمشنر صفی اللہ گوندل اور عوام کے ہمراہ دلخوشاب پارک ڈویلپمنٹ اسکیم کا افتتاح کیا۔

یہ اسکیمیں 10 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کی جائیں گی، جس میں واکنگ اور جاگنگ ٹریکس، گھاس اگانے کا بندوبست، لائٹس، چار دیواری، پبلک ٹوائلٹس اور اسٹور روم شامل ہیں۔وفاقی وزیر نے تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارک کی ابتر صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اس ڈویلپمنٹ اسکیم کے مکمل ہونے سے پارک کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا اور نوجوانوں کی صحت بہتر ہوگی۔وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے عوام سے ملاقات کے دوران جاری ترقیاتی سکیموں کے بارے میں آگاہ کیا اور ان کے مسائل سنے۔