وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کا کرتار پور راہداری کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب

143
APP99-28 KARTARPUR: November 28 – Federal Minister for Religious Affair and Interfaith Harmony, Pir Noor-ul Haq Qadri addressing at the groundbreaking ceremony of development of KartarPur Corridor. APP photo by Rana Imran

کرتارپور ۔ 28 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ پاکستان اقلیتوں کے لئے محفوظ ترین ملک ہے، کرتار پور گردوارہ کو جدید ترین بنایا جائے گا، بابا گرونانک کے 550ویں جنم دن کو شاندار طریقے سے منایاجائے گا۔ بدھ کو کرتار پور میں راہداری کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہاکہ آج ہم تاریخ کی عظیم شخصیت بابا گرونانک دیومہاراج کی یادگار پر کھڑے ہیں جہاں پر انہوں نے زندگی کے آخری 11 سال گزارے، انہوں نے اپنی زندگی میں توحید، انسانیت اور خدمت خلق کی بات کی، قوم کو بقائے باہمی سے آگاہ کیا۔ کرتار پور راہداری کے سنگ بنیاد سے آج ایک اہم کام ہونے جا رہا ہے۔ انہوں نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کی وزیراعظم عمران خان کی حلف برداری کی تقریب میں جپھی کا ذکرکرتے ہوئے کہاکہ اگر اس سے معاملات میں بہتری آسکتی ہے تو ایسی مزید جپھیاں ہونی چاہئیں ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اقلیتوں کے لئے محفوظ ملک ہے اور وزیراعظم عمران خان کا نیا پاکستان محفوظ ترین ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکھوں کی بہبود کے لئے قائم متروکہ وقف املاک بورڈ کی ذمہ داری حکومت مزید احسن طریقے سے نبھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کرتار پور گردوارہ کو جدید ترین بنائیں گے۔ ایک سال بعد بابا گرونانک کا 550واں جنم دن منایا جائے گا، اس موقع پر پاکستان کی حکومت، قوم اور ریاست اس دن کو شاندار طریقے سے منانے کا اہتمام کررہی ہے ۔