اسلام آباد ۔ 30 جولائی (اے پی پی) کابینہ کمیٹی برائے توانائی (سی سی او ای) کا اجلاس جمعرات کو وفاقی وزیر منصوبہ بندی ، ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں توانائی کے شعبے سے متعلق کابینہ کے فیصلوں کے نفاذ کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سرکلر ڈیٹ رپورٹنگ فارمیٹ ، بجلی سے ترقیاتی منصوبے کے مسابقتی بازار ، سرکاری ملکیت والے پاور پلانٹس کے استعداد ، بجلی گھروں میں ایندھن کی لاگت کی اصلاح ، اور گورننس سے متعلق فیصلوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بجلی کے شعبے میں اصلاحات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔کمیٹی نے تھر کول مائنز کو پاکستان کے میرپورخاص- کھوکھرا پار سیکشن پر مناسب اسٹیشن کے ساتھ مربوط کرنے کے لئے تکنیکی ، تجارتی اور مالی پہلوو¿ں کا احاطہ کرنے کی فزیبلٹی اسٹڈی کی حیثیت کا بھی جائزہ لیا۔سی سی او ای کے اگلے اجلاس میں دونوں اقدامات کے مزید طریقوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اجلاس میں وزیر برائے توانائی عمر ایوب خان ، وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی (ایس اے پی ایم ) ندیم بابر ، معدنی وسائل سے متعلق ایس اے پی ایم شہزاد قاسم اور مختلف ڈویڑنوں کے عہدیدار شریک تھے۔