وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود پشاور پہنچ گئے ،سیلاب سے متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی

243

پشاور۔30جولائی (اے پی پی):وزیراعظم کی ہدایت پر وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود پشاور پہنچ گئے جہاں انہوں نےسیلاب سے متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کیا، نقصانات کے ازالے اور قومی شاہرات کی بحالی کے لئے ہدایات جاری کر دیں۔ این ایچ اے کے شعبہ تعلقات عامہ کی طرف سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود نے پشاور میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔

وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود نے سیلاب متاثرین کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سیلاب متاثرین کے نقصان کا فوری ازالہ کیا جائے۔ وفاقی وزیر مواصلات نے یہ بھی ہدایت کی کہ سیلاب سے متاثرہ قومی شاہراہوں کو بحال کیا جائے۔ مئیر پشاور زبیر علی، ممبر این ایچ اے مرشد امین سمیت اعلیٰ حکام بھی وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود کے ہمراہ تھے۔