31.6 C
Islamabad
اتوار, جون 1, 2025
ہومقومی خبریںوفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال کا چینی سفیر جیانگ ژائی ڈونگ کے...

وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال کا چینی سفیر جیانگ ژائی ڈونگ کے اعزاز میں ظہرانہ

- Advertisement -

اسلام آباد۔29مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے جمعرات کو اپنی رہائشگاہ پر چین کے سفیر جیانگ ژائی ڈونگ کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔ چینی وفد میں منسٹر قونصلر یانگ گوان ، منسٹر قونصلر شو ہانگتیان، یانگ داپینگ اور وانگ جنگ جیو شامل تھے۔چینی سفیر نے حالیہ علاقائی امن و استحکام کی بحالی اور پاکستان کے ذمہ دارانہ کردار کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ امن پاکستان کے لیے ترقی کے نئے مواقع لے کر آئے گا۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے چینی حکومت کا ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دینے پر شکریہ ادا کیا۔پروفیسر احسن اقبال نے کہاکہ تاریخ کے ہر نازک موڑ پر چین نے پاکستان کا چٹان کی مانند ساتھ دیا ہے، ہماری دوستی وقتی نہیں بلکہ اعتماد، باہمی احترام اور مشترکہ خوابوں پر مبنی ہے۔

ملاقات کے دوران چین-پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے جاری اور آئندہ منصوبوں کو تیزی سے آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے سفیر کو آگاہ کیا کہ گوادر پورٹ کو اب مکمل طور پر نیشنل گرڈ سے منسلک کر دیا گیا ہے جو مکمل آپریشنل ہونے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔انہوں نے کہاکہ گوادر کو قومی گرڈ سے جوڑنے سے یہ بندرگاہ نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے لیے خوشحالی کا دروازہ بنے گی۔ سی پیک پاکستان کی معاشی تبدیلی اور علاقائی انضمام کا انجن ہے۔

- Advertisement -

چینی سفیر نے گوادر کی عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی اہمیت کا اعتراف کرتے ہوئے سی پیک کو ایک علاقائی فلیگ شپ منصوبہ قرار دیا اور وفاقی وزیر احسن اقبال کی مسلسل قیادت اور عزم کی تعریف کی۔مزید گفتگو جولائی 2025 میں ہونے والے 14ویں جوائنٹ کوآپریشن کمیٹی (جے سی سی) اجلاس کی تیاریوں پر مرکوز رہی۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے اس اجلاس کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔انہوں نے کہاکہ آ ئندہ جے سی سی اجلاس ہماری شراکت کو اگلے مرحلے پر لے جانے کا موقع ہے۔

اب ہم منصوبہ بندی سے کارکردگی کی طرف بڑھ رہے ہیں تاکہ ہر منصوبہ زمینی سطح پر عوام کو فائدہ دے۔چینی سفیر نے "اڑان پاکستان” وژن کے تحت پاکستان کی ترقی کے لیے چین کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔ احسن اقبال نے گوادر کو وسطی ایشیا اور افغانستان سے جوڑ کر عالمی منڈیوں تک رسائی کا خاکہ بھی پیش کیا۔زرعی تعاون کے حوالے سے احسن اقبال نے بتایا کہ چین کے تعاون سے منتخب کیے گئے پہلے پاکستانی زرعی گریجویٹس کا گروپ اس وقت پاکستان میں تربیت حاصل کر رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ نوجوان ذہن پاکستان کی زرعی معیشت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے محرک بنیں گے۔

چینی تعاون سے ہم ایک خوشحال اور خوراک میں خود کفیل پاکستان کے بیج بو رہے ہیں۔وفاقی وزیر نے چینی حکومت کی جانب سے دی گئی زرعی مشینری کی صوبوں میں تیز اور موثر تقسیم کا بھی ذکر کیا جس سے تحقیقی اداروں اور کسانوں دونوں کو فائدہ پہنچے گا۔انہوں نے قراقرم ہائی وے (کے کے ایچ) فیز II اور مین لائن-1 (ML-1) ریلوے منصوبے کی فوری شروعات کی اہمیت پر زور دیا، جنہیں پاکستان کی معیشت کے لیے شہ رگ قرار دیا۔وفاقی وزیر نے تعلیمی روابط کی تجویز بھی دی، جس میں چین کی اعلیٰ جامعات اور پاکستان کی دانش یونیورسٹی اور چینی میڈیکل اداروں اور جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سینٹر کے درمیان شراکت داری شامل ہے۔

انہوں نے ناپتھا کریکر کمپلیکس کے قیام کے لیے تعاون کو دوبارہ فعال کرنے کی تجویز بھی دی، جسے ایک تزویراتی صنعتی منصوبہ قرار دیا۔ چینی سفیر نے اس تجویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے چینی اداروں سے بات چیت کی یقین دہانی کرائی۔ علاوہ ازیں چینی سفیر نے بلوچستان میں لائیولی ہڈز کوریڈور کے تحت چھوٹے ڈیمز کی تعمیر میں تعاون کی پیشکش کی جس پر احسن اقبال نے مکمل سہولت کی یقین دہانی کروائی۔

احسن اقبال نے کہاکہ سی پیک صرف ایک دوطرفہ منصوبہ نہیں بلکہ مشترکہ تقدیر کی علامت ہے۔ چینی تعاون سے ہم بنیادی ڈھانچہ تعمیر کر رہے ہیں، برادریوں کو بااختیار بنا رہے ہیں اور ایک روشن اور مربوط مستقبل کی جانب بڑھ رہے ہیں۔اس موقع پر سیکریٹری پلاننگ اویس منظور سمرا، وائس چانسلر پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس (پائیڈ) ڈاکٹر ندیم جاوید، سی پیک سیکریٹریٹ کے ریجنل کنیکٹیویٹی اسپیشلسٹ ڈاکٹر مزمل ضیا، اور پراجیکٹ ڈائریکٹر جاوید سکندر بھی موجود تھے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=602867

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں