اسلام آباد۔2جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر ہاؤسنگ و تعمیرات ریاض حسین پیرزادہ (کل )جمعرات کو سکائی گارڈنز(بلاک اے) کے الاٹیز کو پوزیشن لیٹرز دیں گے ۔بدھ کو فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی اور کامنرز سکائی گارڈن کے مابین مشترکہ منصوبے کا معاہدہ 11 اکتوبر 2019 کو طے پایاتھا، اس ہاؤسنگ سکیم میں مجموعی طور پر 10 بلاکس (A تا K) شامل ہیں جن میں 7725 رہائشی پلاٹس موجود ہیں۔
منصوبے میں رہائشی و کمرشل دونوں اقسام کے پلاٹس شامل ہیں۔ایف جی ای ایچ اے اس وقت بلاک A کے تحت تقریباً 250 کنال رقبے پر مکمل ترقیاتی کام کے بعد پلاٹس کا قبضہ دینے جا رہی ہے۔ یہ علاقہ تمام بنیادی سہولیات جیسے پختہ سڑکیں، پانی کی فراہمی، نکاسی آب اور بجلی کے نظام سے مکمل طور پر آراستہ ہے۔
یہ تقریب صرف ایک رسمی سرگرمی نہیں بلکہ ممبران کے اعتماد، ان کے صبر و استقامت اور ایف جی ای ایچ اے کی ٹیم کی شب و روز محنت کا نتیجہ ہے۔ایف جی ای ایچ اے کل جو قبضہ لیٹرز دینے جا رہی ہے وہ صرف کاغذ نہیں بلکہ ان خوابوں کی تعبیر ہیں جنہیں سرکاری ملازمین نے برسوں سنوارا۔
وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ بطور مہمانِ خصوصی اس موقع پر شرکت کریں گے ،یہ منصوبہ نہ صرف سرکاری ملازمین کی فلاح و بہبود کا ضامن ہے بلکہ یہ حکومت کے عوام دوست اقدامات کا عملی ثبوت بھی ہے۔ایف جی ای ایچ اے کی ٹیم کو ان کی انتھک محنت پر زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور دعا ہےکہ یہ سکیم تمام ممبران کے لئے خوشیوں، سکون اور خوشحالی کا ذریعہ بنے۔