اسلام آباد۔8اپریل (اے پی پی):وفاقی وز یر ریلوے محمد حنیف عباسی کی زیرِ صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، چیئرمین، سی ای او ریلوے سمیت اعلیٰ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں شعبہ مکینیکل و الیکٹریکل انجینئرنگ کے امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وفاقی وزیر ریلوے نے فنی خرابی کے حامل انجنوں کی مرمت کا ورکنگ پلان تیار کرنے کی ہدایت کی۔ناقابلِ استعمال انجنوں کی آکشن کرنے کےلیے قانونی رائے لی جائے گی ،ڈیڑھ ماہ میں کم از کم 3 انجن ٹھیک کر کے سسٹم میں شامل کیے جائیں۔
پرفارمنس گارنٹی کے بغیر کسی فرم کو ٹرین نہ دی جائے۔انہوں نے ہر ڈویژن میں ریلیف ٹرین کی ہمہ وقت موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے میں انویسٹمنٹ لانے کےلیے ہر دروازہ کھٹکھٹاؤں گا، دو سال تک 15 انجنوں کو جدید ترین بنایا جائے گا ، سارے شعبوں کو ٹارگٹ دے رہا ہوں، پورے کرنے ہوں گے، ناکامی پر ذمہ داران کو گھر بھیجیں گے۔محمد حنیف عباسی نے کہا کہ ریلوے سٹریٹجک اثاثہ ہے، اس کی نجکاری کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، پنشن وفاق کے حوالے کرنے کیلئے حکومت سے بات کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ ریلوے سپورٹس کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گاجبکہ فٹ بال، ہاکی، کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں پر بھرپور توجہ دی جائے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=579667