وقار یونس کی شکیب الحسن پر ”ٹائم آئوٹ” کے حوالے تنقید ، بنگلہ دیش ہائی کورٹ سے جواب طلب

130
Bangladesh High Court

ڈھاکہ۔8نومبر (اے پی پی):بنگلہ دیش ہائی کورٹ نےسابق پاکستانی کرکٹر وقار یونس کی شکیب الحسن پرشدید تنقید کے حوالے سے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ سے جواب طلب کر لیا۔ وقار یونس نے سری لنکا کے خلاف ورلڈ کپ میچ میں اینجلو میتھیوز کو متنازعہ طور پر ”ٹائم آئوٹ” کروانے پر بنگلہ دیشی کپتان شکیب الحسن پر تنقیدکی تھی۔

بنگلہ دیش کی قومی خبررساں ایجنسی کے مطابق بنگلہ دیش ہائی کورٹ نے اس بارےمیں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ سے وضاحت طلب کی ہے کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے شکایت کیوں نہیں کرتے؟۔ عدالت نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ اور اس کے صدر کو اس فیصلے پر جواب دینے کے لئے 10 دن کی مہلت دی ہے۔

یہ فیصلہ جسٹس مصطفی زمان اسلام اور جسٹس محمد عطا اللہ پر مشتمل بینچ نے ایڈووکیٹ ولی الرحمان خان کی جانب سے دائر درخواست کی ابتدائی سماعت کے بعد جاری کیا۔ واضح رہے کہ بنگلہ دیش اور سری لنکا کے درمیان ورلڈ کپ میچ کے دوران وقار یونس اور سابق سری لنکن کرکٹر رسل آرنلڈ نے کمنٹری باکس میں شکیب الحسن کے اس اقدام پر تنقید کی اور اسے سپورٹس مین شپ کے خلاف قرار دیا تھا جبکہ وقار یونس نے شکیب الحسن کے اس عمل پر سوال اٹھایا اور بنگلہ دیش ٹیم کے طرز عمل پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کرکٹ کی روح کے خلاف ہے۔