وقت آ گیا ہے کہ اب ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں فیصلے کیے جائیں،جہانگیر خان ترین

63
جہانگیر خان ترین

سیالکوٹ۔ 26 نومبر (اے پی پی):استحکام پاکستان پارٹی کے پیٹرن ان چیف جہانگیر خان ترین اور مرکزی صدرعبدالعلیم خان نے کامونکی میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ملک کا استحکام، خوشحالی اور ترقی اولین ترجیح ہے، مایوسی اور نا امیدی کی بجائے ہمیں آگے دیکھنا ہے اور تمام تر مسائل کے باوجود ملک کو خوشحال مستقبل سے ہمکنار کرنا ہے۔جہانگیر ترین نے اپنے خطاب میں کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ملک وقوم کے وسیع تر مفاد میں فیصلے کئے جائیں۔

جہانگیر خان ترین نے مزید کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی نے ملک کو مشکلات سے نکالنے کا بیڑہ اٹھایا ہے جس میں ہم انشاء اللہ ضرور کامیاب ہوں گے۔استحکام پاکستان پارٹی کے کامونکی میں ورکر ز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ کامونکی میں انٹر چینج بنے گا، کارڈیالوجی اور کڈنی ہسپتال بنائیں گے اور اسے ماڈل سٹی بنائیں گے۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ اس ملک میں کسی چیز کی کمی نہیں صرف نیک نیت لیڈرشپ کی ضرورت ہے، لاہور جیسے شہر میں تعلیم اور صحت کی سہولیات نہیں،انہوں نے کہا آج قائداعظم ہوتے تو ملک کا یہ حال نہ ہوتا۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ گزشتہ حکمرانوں نے اسلام اور ریاست مدینہ کے نام پر جو کیا سب کے سامنے ہے، خدا کے لئے مدینہ کی ریاست کے نام پر یہ سب کچھ نہ کریں۔انہوں نے استحکام پاکستان پارٹی کے منشور پر عمل درآمد کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ عام آدمی کو 300 یونٹ مفت بجلی، موٹر سائیکل سواروں کو آدھی قیمت پر پٹرول کی فراہمی اور کسانوں کو مفت سولر ٹیوب ویل دینے کے لئے امیروں سے وسائل لیں گے اور ان کا رخ غریب لوگوں کی طرف کریں گے۔

کنونشن سے سابق وفاقی وزیر اور آئی پی پی کی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آئی پی پی کا شاہین کی پرواز آج کامونکی میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دو قسم کے سیاست دان ہیں ایک وہ جنہوں ملک و قوم کو لوٹ کرکھایا ہے دوسرے وہ جنہوں نے ہمیشہ ملک و قوم کی خدمت اپنے وسائل بروئے کار لاتے ہوئے کی، جن کی فطرت میں خدمت کرنا ہو وہ ہر لمحہ ملک و قوم کی خدمت کا ہی سوچتے ہیں، انتخاب آپ کا ہے۔ کنونشن سے ان کے علاوہ سابق ایم این اے و استحکام پاکستان پارٹی گوجرانوالہ ڈویژن کے صدر رانا نذیر احمد خان اور رانا عمر نذیر احمد خان دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک تحصیل میں اتنا بڑا اجتماع عوام کے جہانگیر خان ترین اور عبدالعلیم خان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار ہے، یہاں سے اسمبلیوں میں جانے والوں نے اس علاقے کی بہتری و ترقی کے لئے کچھ نہیں کیا،عوام آئندہ انہیں مسترد کریں گے، اس موقع پر چوہدری نوریز شکور، ڈاکٹر مراد راس اوررانا عامر نذیربھی موجود تھے جبکہ،شہریوں کا بھر پور جوش و خروش دیکھنے میں آیا، نوجوانوں کی ٹولیوں کی شکل میں جلسہ گاہ آمد جاری رہی اور آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا جبکہ جہانگیر خان ترین اور عبدالعلیم خان کی قد آور تصاویر آویزاں کی گئیں تھیں جبکہ رش کے باعث کنونشن کو بڑی سکرینز پر بھی دکھایا گیا۔