31.6 C
Islamabad
منگل, اپریل 22, 2025
ہومعلاقائی خبریںوومن امپاورمنٹ فیصل آباد چیمبر کی اولین ترجیح ہے ،صدر فیصل آباد...

وومن امپاورمنٹ فیصل آباد چیمبر کی اولین ترجیح ہے ،صدر فیصل آباد چیمبر

- Advertisement -

فیصل آباد۔ 04 اکتوبر (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے ایگزیکٹو ممبران کو اپنے دست و بازو قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے متعلقہ سیکٹر کے مسائل کو حل کرنے کیلئے عملی کوششیں کرنا ہوں گی۔نومنتخب ایگزیکٹو ممبران کی تعارفی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے وقت کی پابندی کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ انہوں نے نو سال تک جاپانیوں کے ساتھ کام کیا اور اُن سے وقت کی پابندی کا سبق سیکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اُن کی کوشش ہو گی کہ ایگزیکٹو کے اجلاس میں سو فیصد ممبران کی حاضری کو یقینی بنایا جا سکے تاہم جو ممبران بیرون ملک یا دوسرے شہر گئے ہوئے ہوں گے اُن کی بھی آن لائن شرکت کا بندوبست کیا جائے گا تاکہ حساس نوعیت کے معاملات کے سلسلہ میں اُن کاان پٹ لیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بزنس کمیونٹی کو پروفیشنل،سپرٹیکس کے علاوہ پی ایچ اے کی طرف سے بھی نوٹس آرہے ہیں لہٰذاان معاملات کو حل کرنے کی ہر ممکن کوششیں کی جائیں گی۔

- Advertisement -

انہوں نے یقین دلایا کہ اعلیٰ سطحی میٹنگز میں ایگزیکٹو ممبران کو بھی شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جو چیمبر اچھا کام کر رہے ہیں ہمیں اُن سے راہنمائی حاصل کرنے میں کوئی جھجک نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اُن کے ایجنڈے میں وومن امپاورمنٹ سر فہرست ہے جبکہ اس سلسلہ میں عالمی اداروں سے فنڈنگ بھی حاصل کی جا سکتی ہے تاہم اس سلسلہ میں آر اینڈ ڈی کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے ممبران کی طرف سے اٹھائے گئے مختلف نکات اور سفارشات کے حوالے سے کہا کہ امن وامان کی بحالی کیلئے فیصل آباد میں سیف سٹی پراجیکٹ کی جدید تکمیل، ممبران کی سہولت کیلئے فیصل آباد چیمبر میں نادرا، پاسپورٹ اور دیگر اداروں کے ڈیسک قائم کرانے کی کوشش کی جائے گی جبکہ چیمبر کے ٹریول کاؤنٹر کو بھی مزید مؤثر اور فعال بنایا جائے گا۔ انہوں نے قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل کیلئے ایگزیکٹو سے مشاورت کا یقین دلایا اور کہا کہ خواتین کیلئے خوشگوار ماحول مہیا کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ چیمبر سے کسی معزز ممبر کا ڈیٹا لیک نہیں ہوتا۔

ایف بی آر کے پاس ہر شخص کا مکمل ڈیٹا موجود ہے اسلئے ہمیں اپنے کاروباری معاملات کو مکمل شفافیت کے ساتھ چلانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایگزیکٹو کے مطالعاتی دوروں کا بھی اہتمام کریں گے تاکہ انہیں معلوم ہو سکے کہ دوسرے چیمبرز کس طرح کام کر رہے ہیں۔ اسی طرح سیلف ہیلپ کی بنیاد پر ملکی اور غیر ملکی دوروں کا بھی جائز ہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کے فوری نوعیت کے مسائل کے حل کیلئے وہ وزیر اعلیٰ اور چیف سیکرٹری پنجاب سے جلد ملاقات کریں گے۔

سینئر نائب صدرقیصر شمس گچھا نے کہا کہ چیمبر کے سامنے سلپ روڈ کیلئے انہوں نے بہت کام کیا ہے جسے وہ ایگزیکٹو کے ساتھ شیئر کریں گے۔ نائب صدر شاہد ممتاز باجوہ نے کہا کہ فیصل آبادچیمبرمیں خدمت مرکز 24مختلف قسم کی سہولیات مہیا کر رہا ہے اسلئے ہمیں اس سے بھر پور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے ایگزیکٹو ممبران سے کہا کہ وہ اپنے اپنے سیکٹر بارے تحریری سفارشات دیں تاکہ منظم طریقے سے نہ صرف ان پر کام ہو سکے بلکہ ان کا فالو اپ بھی لیا جا سکے۔ اجلاس میں عہدیداران اور ایگزیکٹو ز سمیت کل 30میں سے 27ممبران نے شرکت کی۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=508431

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں