ویسٹ انڈیز کا آسٹریلیا کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز کے لیے 16 رکنی سکواڈ کا اعلان،شائی ہوپ کی سکواڈ میں واپسی

17
Cricket West Indies
Cricket West Indies

جمیکا۔11جون (اے پی پی):کرکٹ ویسٹ انڈیز (سی ڈبلیو آئی )نے آسٹریلیا کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز کے لئے 16 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ویسٹ انڈیز نے آسٹریلیا کے خلاف آئندہ ہوم ٹیسٹ سیریز کے لئے اپنے ٹیسٹ سکواڈ میں بڑی تبدیلیاں کی ہیں۔روسٹن چیس جنہوں نے آخری بار مارچ 2023 میں کوئی ٹیسٹ میچ کھیلا تھا اور حال ہی میں ٹیسٹ ٹیم کے لئے کپتان نامزد کیا گیا ہے۔ اسی طرح محدود اوورز کے کپتان شائی ہوپ کو بھی ٹیسٹ سکواڈ میں واپس بلا لیا گیا ہے۔ تجربہ کار تیز گیند باز کیمار روچ کو باہر رکھا گیا ہے جبکہ ون ڈے فارمیٹ میں شائی ہوپ کے نائب برینڈن کنگ کو بھی 16 رکنی سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

وائٹ بال والے کپتان شائی ہوپ نے دسمبر 2021 میں آخری مرتبہ کوئی ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز 25 جون کو برج ٹاؤن میں ہوگا۔ ویسٹ انڈیز کے کوچ ڈیرن سیمی نے کہاہے کہ میں 16 رکنی سکواڈ میں کیولن اینڈرسن کی شمولیت پر پرجوش ہوں، جو ہمارے ڈومیسٹک مقابلوں میں ٹھوس سیزن کے بعد ٹاپ آرڈر میں مضبوطی فراہم کرنے میں مدد کرئے گاجبکہ وائٹ بال کرکٹ میں ان کی مستقل مزاجی کے پیش نظر شائی ہوپ کی واپسی کا بھی خیرمقدم کرتا ہوں۔شائی ہوپ نے 38 ٹیسٹ میں دو سنچریوں اور پانچ نصف سنچریوں کی مدد سے 1,726 رنز بنائے ہیں۔

ڈیرن سیمی نے کہا کہ 284 ٹیسٹ وکٹیں لینے والے تجربہ کار تیز گیند باز کیمار روچ ٹیسٹ سکواڈ میں جگہ حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ آسٹریلیا کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی ہوم سیریز کے لئے اعلان کردہ 16 رکنی سکواڈ میں روسٹن چیس (کپتان)، جومل واریکن (نائب کپتان)، کیولن اینڈرسن، کریگ بریتھویٹ، جان کیمبل، کیسی کارٹی، جسٹن گریوز، شائی ہوپ، ٹیون املاچ، الزاری جوزف، شمر جوزف، برینڈن کنگ، جوہن لین، میکائل لوئس، اینڈرسن فلپ اور جیڈن سیلزشامل ہیں۔