ویمن یونیورسٹی کے قیام کو دس سال مکمل ہونے پر مختلف تقریبات کا افتتاح

162
ویمن یونیورسٹی ملتان کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ

ملتان۔ 03 جنوری (اے پی پی):ویمن یونیورسٹی ملتان کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کہاہے کہ یہ قدیم درس گاہ جنوبی پنجاب میں علم کی روشنی پھیلانے میں مصروف ہے ،اس سے قبل اس کالج کو انتہائی اعلیٰ تعلیم یافتہ اور انتہائی قابل تعلیمی شخصیات کی خدمات حاصل رہی ہیں۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے ویمن یونیورسٹی کے قیام کو دس سال مکمل ہونے پر مختلف تقریبات کا افتتاح کے موقع پر ایلومینائی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔علاوہ ازیں خواتین بازار کا افتتاح مس نگہت عطا نے کیا جو ویمن یونیورسٹی کی پہلی علومنائی تھیں ۔

ڈاکٹرکلثوم پراچہ نے کہاکہ خوشی اس بات کی ہے کہ اس ادارے سے فارغ التحصیل بڑی شخصیات یہاں موجود ہیں جن کی آمد محض اتفاق نہیں ہے بلکہ کالج کی خدمات کا صریحی اعتراف ہے ،وہ سمجھتے ہیں اس کالج کی وجہ سے وہ زندگی کی دوڑ میں کامیابی سے سفر کررہے ہیں، یہاں تعلیم حاصل کرنے والے مقتدرشخصیات کی فہرست بڑی طویل ہے جس میں سائنسداں ،ماہرین تعلیم ،قانون داں خواتین بھی شامل ہیں۔

تقریب سے ڈاکٹرحمید رضا صدیقی اور مس زہداہ سرفراز نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے اس قدیمی درس گاہ کی جنوبی پنجاب میں اہمیت اور افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ یہ ادارہ خواتین کی تعلیم و تربیت میں نمایاں کردار اداکر رہی ہے ۔تقریب میں یونیورسٹی کے لوگو کا افتتاح بھی کیاگیا اور کیک کاٹا گیا جس کے بعد شعبہ سیاسیات اور انٹرنیشنل ریلشنز کا سنگ بنیاد بھی رکھاگیا۔

محکمہ ڈاک نےتقریب کے حوالے سے یادگاری ٹکٹ بھی جاری کی جس کی رونما ئی کی گئی۔جنوبی پنجاب میں خواتین کی تعلیم اور ویمن یونیورسٹی کے کردار کے حوالے معروف محقیق حمید رضا صدیقی کی کتاب کی بھی رونمائی کی گئی۔

اس موقع پروائس چانسلر نے تمام ممتاز علومنائی کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈز پیش کیے،شام کے اوقات میں قوالی اور کلچر نائٹ کا اہتمام بھی کیا گیا جس کی مہمان خصوصی وائس چانسلر ڈاکٹر کلثوم پراچہ تھیں،تقریب میں طالبات، یونیورسٹی فیکلٹی اورایڈمنسٹریشن عملے نے شرکت کی۔