ٹائیگر فورس نے نوجوان نسل کو جینے کا طریقہ بتایا ہے،شہریار آفریدی

110

راولپنڈی۔ 7 جولائی (اے پی پی )وزیر مملکت برائے امور کشمیرشہر یار آفریدی نے کہا ہے کہ ٹائیگر فورس کا قیام ایک ایسا اقدام ہے جس نے نوجوان نسل کو جینے کا طریقہ بتایا ہے ۔اس کی بدولت کورونا کے دوران عوامی خدمت اور فلاح کی مثال قائم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا نے ترقی یافتہ ممالک کے بھی ہیلتھ سسٹم کوناکام کر دیا ہے اور امیر ممالک بھی معاشی بدحالی کا شکار ہیں مگر وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان نے تمام مسائل کے باوجود کورونا وبا کا بہادری مقابلہ کیا ہے، ہیلتھ نظام پہلے کی نسبت زیادہ مستحکم ہوا ہے اور معاشی مسائل کے شکار پاکستانیوں کے لئے 150ارب روپے کا معاشی تعاون کا پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی آرٹس کونسل میں وزیراعظم ٹائیگر فورس کے راولپنڈی کینٹ سرکل کے اراکین کی خلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیکر ٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف عامر کیانی، اراکین صوبائی اسمبلی پنجاب عمر تنویر بٹ، چوہدری محمد عدنان اور سیمابیہ طاہر، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن ریٹائرڈ انوار الحق، اسسٹنٹ کمشنر کینٹ رمشہ جاوید، اور رہنما تحریک انصاف راجہ ناصر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ شہر یار آفریدی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اقتدار اور طاقت سے منہ پھیرنے والا اورمحروم طبقات کی آواز بلند کرنے والا لیڈرہے جو ہر صورت میں حق کی بات کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے دنیا کو بتایا کہ ایران کی اس وبا کے دوران مدد کی جائے اور پابندیاں اٹھائیں جائیں۔ کشمیر کی عوام کے حق میں۔ آواز اٹھائی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے مظلوم کشمیری عوام کے حق میں بھی دنیا میں سب سے بلند آواز اٹھائی ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹائیگر فورس نے دنیا کو بتایا ہے کہ انسانیت کیا ہے اور اس فورس کے اراکین آزمائش کی گھڑی میں اپنے گھروں کو چھوڑ کر عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹائیگر فورس پوری دنیا کے لئے مثال بن چکی ہیں اور یہ عوامی خدمت کا مثالی نیٹ ورک ہے جس کے صرف راولپنڈی تحصل میں30 ہزار اراکین ہیں۔ جنرل سیکرٹری تحریک انصاف عامر محمود کیانی نے کہا کہ ٹائیگر فورس کی کارکردگی امیدوں سے زیادہ بہتر ہے اور وقت نے ثابت کرتا ہے وزیر اعظم عمران خان کے فیصلے درست ثابت ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹائیگر فورس کے اراکین نےجان خطرے میں ڈال کر کام کیا ہے، جب عوام کورونا وبا کی وجہ سے گھروں میں بند تھے ٹائیگر فورس کے اراکین ہر محلے اور علاقہ میں عوام کی مدد کے لئے مصروف عمل تھے۔انہوں نے کہا کہ ٹائیگر فورس کے ساتھ انتظامیہ اور پولیس کا قریبی رابطہ ہونا چاہیے تاکہ کسی بھی مقامی مصیبت اور حادثہ کے دوران وہ مزید بہتر انداز میں عوامی فلاح کا کام کر سکیں۔ رکن صوبائی اسمبلی چوہدری محمد عدنان نے کہا کہ آج وزیر اعظم عمران خان کی کورونا سے بچاو¿ کی پالیسیوں پر پوری دنیا عمل کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے جنگ سے زیادہ مشکل حالات تھے، اصل لیڈر شپ مشکل حالات میں عوام کے ساتھ ہوتی ہے اور عوامی فلاح کو ترجیح دیتی ہے۔ رکن صوبائی اسمبلی عمر تنویر بٹ نے کہا کہ پوری دنیا میں وزیراعظم عمران خان نے رضاکار فورس بنا کر کورونا کا مقابلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹائیگر فورس نے عوام کو موجودہ حالات کے بارے میں ایک نئی سوچ اور فکر سے روشناس کرایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کے دوران ایک کروڑ ساٹھ لاکھ گھرانوں کو بارہ ہزار روپے ملے ہیں جو پوری شفافیت سے تقسیم ہوئے۔