ٹنڈو آدم میں 26ویں آئینی ترمیم کی منظوری کی خوشی میں شاندارجشن

112
Pakistan People's Party
Pakistan People's Party

حیدرآباد۔ 17 نومبر (اے پی پی):ٹنڈو آدم میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) سٹی کے صدر تاج محمد وریاہ کی جانب سے 26ویں آئینی ترمیم کی منظوری کی خوشی میں شاندار جشن کے دوران آتشبازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں پارٹی رہنماؤں اور کارکنان نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر اور ایم پی اے علی حسن ہنگورجو، جاوید نایاب لغاری، جہانگیر جونیجو، ذوالفقار زرداری، جاوید علی شورو، تاج محمد وریاہ، وقار قادر جونیجو، خادم حسین رند، آفتاب لغاری اور نثار وساں نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو کا خواب تھا، جسے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنی جدوجہد کے ذریعے پورا کیا۔ رہنماؤں نے مزید کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے قوم کو متفقہ آئین دیا تھا، اس ترمیم کی منظوری کے ساتھ اس آئین کو مکمل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو ملک کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

انہوں نے اس موقع پر پارٹی قیادت اور کارکنان کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ملک کا آئندہ وزیر اعظم بلاول بھٹو زرداری ہوگا۔ تقریب میں غلام مرتضیٰ جونیجو، وسیم گل شیخ، مزمل شیخ، غلام محمد میمن، عمر گل ہنگورجو، گل محمد ڈاہری، غلام مرتضی سومرو اور پیپلز پارٹی لیڈیز ونگ کی رہنما شہلا نوشاد سمیت ضلع، تعلقہ، اور یوسی عہدیداراں و کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر شاندار آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا۔