اسلام آباد۔7مئی (اے پی پی):ممتاز ٹیلی کام کمپنی جاز نے ملک بھر میں اپنے صارفین کو تیز ترین جدید نیٹ ورک کی فراہمی کے لئے موبائل فون ٹاور کی تنصیب اور دوسری ٹیکنالوجی کی فراہمی کے لئے پانچ سو ارب روپے کی سرمایہ کاری کے منصوبے کو حتمی شکل دے دی، پہلے مرحلے میں پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں178موبائل فون ٹاور لگائے جائیں گے۔
جاز کمپنی کے آفیشل ذرائع نے اے پی پی کو بتایا کہ پاکستان میں جدید موبائل فون اور ڈیٹا ترسیل کی سہولیات کی فراہمی کے لئے کمپنی نے پاکستان کے ایک نجی مالیاتی ادارے کے ساتھ آسان شرائط پر قرضہ کی فراہمی کے منصوبے کو حتمی شکل دے دی ہے۔ کمپنی کے مطابق قرضہ کی رقم کو موبائل فون اور تیز ترین انٹرنیٹ سہولیات کی فراہمی کے لئے نیٹ ورک کی توسیع اور اسے جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کے لئے خرچ کیا جائے گا۔
جاز کمپنی کی طرف سے پانچ سو ارب روپے کی نئی سرمایہ کاری سے ملک بھر میں نوجوانوں کے لئے اور ہنر مندوں کے لئے روزگار کے نئے مواقع فراہم ہوں گے ، کمپنی کا کہنا ہے کہ نیٹ ورک کے توسیع کے سلسلے میں پہلے مرحلے میں 178 ٹاور صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں نصب کئے جائیں گے ۔