اسلام آباد۔11فروری (اے پی پی):سپیکرقومی اسمبلی ایازصادق نے کہاہے کہ پارلیمان کے خلاف کسی کوبات کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، الیکشن کمیشن کے معاملہ پرحکومت اور اپوزیشن کو کمیٹی کے نام نامزد کرنے کیلئے خطوط لکھے ہیں۔ منگل کوقومی اسمبلی کے اجلاس میں لیڈرآف دی اپوزیشن کی طرف سے اٹھائے گئے نکات پر سپیکر نے کہاکہ وقفہ سوالات کے دوران پوائنٹ آف آرڈر نہ دینے کافیصلہ ہواتھا، گزشتہ اجلاسوں میں اپوزیشن لیڈر وقفہ سوالات کے دوران نکتہ اعتراض پربولنے کی اجازت مانگتے رہے جس پرانہیں اجازت نہیں ملی، آج چونکہ نجی کارروائی کادن ہے اس لئے اپوزیشن لیڈر کو مائیک دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے معاملہ پرحکومت اور اپوزیشن کو کمیٹی کے نام نامزد کرنے کیلئے خطوط لکھے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آج میں نے میڈیا میں ایک رپورٹ دیکھی ہے جس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے ایک معزز جج نے پارلیمان کے حوالہ سے تبصرہ کیاہے، مجھے امیدہے کہ بات سچ نہیں ہو گی، اگرمعزز جج نے ایسے ریمارکس دئیے ہیں تو وزیر قانون انہیں ہماری طرف سے پیغام پہنچائے کہ پارلیمنٹ کے خلاف کوئی بات نہیں کرسکتا، معزز جج کوبتایا جائے کہ یہ ناقابل قبول ہے۔انہوں نے کہا کہ پارلیمان کوجعلی قراردینے کاطرز عمل قبول نہیں کیاجاسکتا۔ وزیرقانون اعظم نذیرتارڑ نے کہا کہ سپیکرنے درست فرمایا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=559040