پارلیمنٹرینز بین الاقوامی امن کو فروغ دینے اور تنازعات کے حل میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

157
پارلیمنٹرینز بین الاقوامی امن کو فروغ دینے اور تنازعات کے حل میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

اسلام آباد۔9فروری (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دنیا بھر میں امن، جمہوریت اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے بین الپارلیمانی یونین (آئی پی یو) کے رکن ممالک کے درمیان پارلیمانی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے بین الپارلیمانی یونین کے امن، جمہوریت، انسانی حقوق، نوجوانوں کو بااختیار بنانے ،سیاسی مذاکرات اور پارلیمانی کارروائی کے ذریعے پائیدار ترقی کے لئے کام کرنے کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

وہ بین الپارلیمانی یونین کے صدر ڈوارٹے پچیکو سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے جمعرات کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ صدر نے کہا کہ پارلیمنٹرینز بین الاقوامی امن کو فروغ دینے اور تنازعات کے حل میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ دنیا میں جنگوں کو روکنے اور امن قائم کرنے کے لئے اجتماعی طور پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ دنیا بھر کے اراکین پارلیمنٹ عالمی امن اور خوشحالی کے لئے کام کریں۔

صدر مملکت نے معزز مہمان کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف طویل جنگ میں ے پاکستانی قوم نے ہزاروں جانوں کی قربانی دی اور 100 ارب ڈالر سے زائد کا معاشی نقصان بھی اٹھایا۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان نے دہشت گردوں کو کامیابی سے شکست دی ہے اور اس سلسلے میں بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

صدر نے کہا کہ پاکستان نے چار دہائیوں سے زائد عرصے سے لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی کی ہے جو ہمارے ملک کے انسانی ہمدردی کے جذبے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ڈوارٹے پچیکو کے دورے سے پاکستان کی پارلیمنٹ اور بین الپارلیمانی یونین کی ممبر پارلیمنٹس کے درمیان پارلیمانی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔

اس موقع پر صدر آئی پی یو نے بتایا کہ بین الپارلیمانی یونین ایک اہم پلیٹ فارم ہے جس نے اپنے تجربات اور معلومات دوسرے ممبر ممالک کے ساتھ تبادلہ کیا ہے۔ انہوں نے پشاور کی مسجد پر حالیہ دہشت گردانہ حملے پر دلی تعزیت کا اظہار کیا اور اس وحشیانہ حملے کی مذمت کی۔