پارلیمنٹ میں عمران خان کی جانب سے قومی اداروں کو بدنام کرنے کی سازش پر بحث ہوگی،وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ

84

اسلام آباد۔1اکتوبر (اے پی پی):وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ عمران خان کی جانب سے قومی اداروں کو بدنام کرنے کی سازش پر بحث کرےگی۔

ہفتہ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین نے اپنے ذاتی مفادات کیلئے اداروں کو بدنام کرنے کا بیانیہ تیار کیا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان کا بیانیہ اور سازشی منصوبہ قوم کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے،عمران خان کے آڈیو ویڈیو ٹیپ پروپیگنڈے کی جانچ کے لیے انکوائری کمیٹی بنائی جائے گی اور مکمل تحقیقات کے بعد رپورٹ پارلیمنٹ میں بحث کے لیے پیش کی جائے گی اورپارلیمنٹ کے فیصلے کے بعد پی ٹی آئی قیادت کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

حالیہ آڈیو لیک کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ اس معاملے کی تحقیقات کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جبکہ آئندہ اس طرح کی سرگرمیوں پر قابو پانے کے لیے جامع مشق کی جائے گی۔

عمران خان کے وارنٹ گرفتاری کے بارے ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی کے سربراہ نے عدالتی سماعتوں سے بچنے کا سلسلہ جاری رکھا تو انہیں گرفتار کر لیا جائے گا۔