ابوظہبی۔17اگست (اے پی پی):متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے پاکستانی برادری کے ارکان پر زور دیا ہے کہ وہ ترسیلات زر وطن بھیجنے کے لیے قانونی بنکاری ذرائع کو بروئے کار لائیں ۔انہوں نے یہ بات ہفتہ کو دبئی میں انڈیکس ایکسچینج کے زیر اہتمام ایک تقریب کے دوران کہی۔
سفیر نے کہا کہ انہیں پاکستان میں قانونی ترسیلات کو فروغ دینے کے لیے’’ہندی پہ وار‘‘کے عنوان سے میڈیا بریفنگ اور انگیجمنٹ ایونٹ میں شرکت کرکے خوشی ہوئی۔ فیصل نیاز ترمذی نے انڈیکس ایکسچینج کو سراہتے ہوئے مبارکباد دی کہ اس نے ایک مکمل میڈیا مہم شروع کرکے پاکستانی تارکین وطن میں آگاہی پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کیا۔ انہوں نےکہا کہ میں کمیونٹی کے تمام ممبران سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ پیسے گھر واپس بھیجنے کے لیے قانونی بینکنگ چینلز کی حوصلہ افزائی کریں اور اسے فروغ دیں۔