31.6 C
Islamabad
پیر, اپریل 21, 2025
ہومقومی خبریںپاکستانی سفارت خانے کے زیر اہتمام مسیحی برادری کے...

پاکستانی سفارت خانے کے زیر اہتمام مسیحی برادری کے ساتھ کرسمس منانے کے لیے ابوظہبی میں خصوصی تقریب کا انعقاد ، حضرت عیسی ؑکی طرف سے لایا گیا محبت اور امن کا پیغام آج کی دنیا میں اور بھی زیادہ اہمیت کا حامل ہے، سفیر فیصل نیاز ترمذی

- Advertisement -

ابوظہبی۔20دسمبر (اے پی پی):متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفارت خانے نے پاکستانی مسیحی برادری کے ساتھ کرسمس منانے کے لیے ابوظہبی میں ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا۔ سفارت خانے کے احاطے میں منعقدہ تقریب میں سفارت خانے کے حکام کے علاوہ متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی مسیحی خاندانوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

- Advertisement -

ابوظہبی میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے اس بات پر زور دیا کہ حضرت عیسیٰ کی طرف سے لایا گیا محبت اور امن کا پیغام آج کی دنیا میں اور بھی زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے بین المذاہب ہم آہنگی اور پرامن بقائے باہمی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے مذاہب میں مشترکہ اقدار کے بارے میں بات کی۔

اس موقع پر پاکستانی سفیر نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی تعلیمات کا بھی حوالہ دیا جنہوں نے ہمیشہ تمام پاکستانیوں کے درمیان برابری اور عدم امتیاز کی وکالت کی، چاہے وہ کسی بھی عقیدے سے تعلق رکھتے ہوں۔انہوں نے کہا کہ مجھے سفارت خانے میں آپ سب کی میزبانی کرنے اور اپنی مسیحی برادری کے ارکان کے ساتھ اس خاص موقع کا جشن منانے پر انتہائی خوشی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں آپ کی خدمات قابل قدر ہیں اور یہاں آپ کا خیرمقدم کرنا اعزاز کی بات ہے۔

سفارتخانے کی جانب سے میں متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی مسیحی برادری کے تمام افراد کو کرسمس کی دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔پادریوں اور مسیحی برادری کے ارکان نے اس تقریب میں سہولت فراہم کرنے پر سفیر اور سفارت خانے کے عملے کی تعریف کی۔ پادری ناصر تاج، پادری رابرٹ اور پادری فلیمون جارج نے خصوصی دعاؤں کی قیادت کی اور جشن کی میزبانی کرنے اور مسیحی برادری کی مسلسل حمایت پر سفیر کا شکریہ ادا کیا۔تقریب میں کر سمس کا کیک بھی کاٹا گیا۔ تقریب کی نظامت معروف سماجی و سیاسی کارکن روحیل ظفر شاہی نے کی

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=537879

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں