پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی نے یو اے ای کی وزارت خارجہ امور و بین الاقوامی تعاون کے قائم مقام انڈر سیکرٹری کو اپنی سفارتی اسناد پیش کیں

521

اسلام آباد۔31اکتوبر (اے پی پی):متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے سفیر کی حیثیت سے اپنی سفارتی اسناد متحدہ عرب امارات (یو اے ای)کی وزارت خارجہ اور بین الاقوامی تعاون کے قائم مقام انڈر سیکرٹری برائے پروٹوکول امور عبداللہ محمد البلوکی کو پیش کیں۔

پیر کو یہاں موصولہ پریس ریلیز کے مطابق پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی اس سے قبل جمہوریہ کرغزستان میں (2018-2019) کے دوران پاکستان کے سفیر اور شکاگو میں پاکستان کے قونصل جنرل میں(2013-2018) کے دوران خدمات انجام دے چکے ہیں۔ بیرون ملک پاکستانی مشنز میں ان کی دیگر سفارتی ذمہ داریوں میں اشک آباد، ترکمانستان (1996-1999)، اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن، جنیوا، سوئٹزرلینڈ (2003-2007) اور ابوظہبی، متحدہ عرب امارات (2007-2010) شامل ہیں۔ وزارت خارجہ میں اپنے دور میں انہوں نے کثیرالجہتی، دوطرفہ، قونصلر اور انتظامی امور کی ذمہ داریاں نبھائیں ۔

متحدہ عرب امارات میں تعیناتی سے قبل سفیر ترمذی وزارت امور خارجہ میں ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمنسٹریشن و امریکہ کی دوہری ذمہ داریاں بھی سرانجام دے چکے ہیں ۔ اس سے قبل وہ ڈائریکٹر جنرل (کشمیر)، خارجہ سیکرٹری کے دفتر کے ڈائریکٹر (پرسانل و پروٹوکول کے ڈپٹی چیف کے علاوہ بھارت، افغانستان، وسط ایشیائی جمہوریہ اور مشرق وسطی کے ڈیسک آفیسر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ قائداعظم یونیورسٹی، اسلام آباد اور اسکول آف اورینٹل اینڈ افریقن اسٹڈیز، یونیورسٹی آف لندن، برطانیہ سے فارغ التحصیل ہیں۔