پاکستانی سٹارٹ اپس اور جرمن کمپنیوں کے مابین روابط اور اشتراک کے فروغ کیلئے پاکستان جرمن فیوچر سمٹ کے عنوان سے تقریب

204

اسلام آباد۔7ستمبر (اے پی پی):پاکستانی سٹارٹ اپس اور جرمن کمپنیوں کے مابین روابط اور اشتراک کے فروغ کیلئے پاکستان جرمن فیوچر سمٹ کے عنوان سے برلن میں ایک تقریب منعقد کی گئی۔برلن میں پاکستانی سفارتخانہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق تقریب کا انعقاد ایجاد لیبز نامی پاکستانی ٹیک کمپنی نے جرمن ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ اور جرمن اماراتی جأنٹ کونسل فار انڈسٹری اینڈ کامرس کے تعاون سے کیا۔

تقریب کا خصوصی پہلو خواتین کیلئے روزگار کے مواقع اور پاکستان کی چھوٹے اور درمیانے درجہ کی کمپیوں کے جرمن کمپنیوں کے ساتھ کاروباری روابط بارے آگاہی تھی۔جرمنی میں تعینات پاکستان کے سفیر ڈاکٹر محمد فیصل نے تقریب میں خصوصی شرکت کی اور نوجوانوں کی اس کاوش کو سراہا۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سفارتخانہ اس کاوش کو مزید فروغ دینے اور اس جہت میں پاک جرمن تعلقات کی آبیاری کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گا کیونکہ اسطرح نہ صرف پاکستان کے باصلاحیت نوجوان جرمنی کے کاروباری ماحول کا فعال حصہ بن پائیں گے بلکہ جرمنی میں رونما حالیہ افرادی قوت کے مسائل کے حل میں بھی مدد ملے گی۔پاکستانی اور جرمن ٹیکنالوجی ماہرین اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی اور اسے خوش آئند قرار دیا۔