پاکستانی عازمین کو حدود حرم کے انتہائی قریب ٹھہرانے کے ساتھ بہترین کھانا دینے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں، فیض عمر سیال

91

مدینہ منورہ۔21جون (اے پی پی):مدینہ منورہ میں فوڈ سیل کےانچارج فیض عمر سیال نے کہا ہے کہ رسول اللہ ﷺکے در پر حاضری کے لیے آنے والے پاکستانی عازمین کو فائیو،تھری،اور فور اسٹار ہوٹلوں میں ٹھہرانے کے ساتھ ساتھ تین وقت کا بہترین کھانا دینے کی بھرپور کوشش کی گئی ہے کیونکہ اللہ کے مہمان ہم سے خوش جائیں گے تو یہی ہماری نجات کا باعث بنے گا ۔

منگل کو ’’اے پی پی‘‘سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 6سے 16 جون تک براہ راست پاکستان سے 16 ہزار عازمین حج مدینہ منورہ پہنچے جنھیں مرکزیہ یعنی حدود حرم کے انتہائی قریب تھری ، فور، فائیو سٹار ہوٹلوں میں ٹھہرایا گیا ۔ ان ہوٹلوں میں اچھے صاف ستھرے اور کشادہ میس قائم کئے گئے۔ ہم نے کھانوں کے نہ صرف معیار کا خیال رکھا بلکہ کھانوں کے ذائقوں کو بھی پاکستانی معیار کے مطابق بنانے کی کوشش کی ۔ جن کمپنیوں نے ذائقے میں بھی کمی بیشی کی ان پر 6 سے 10 ہزار ریال جرمانہ بھی عاید کیا گیا اور اس کی سزا کے طور پر ان کے کوٹہ میں بھی کمی کر دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ اب تک کھانے کے حوالے سے شکایات کا تناسب دو سے تین فیصد رہا ہے جس کے ازالہ کے لیے چار مرتبہ اپنے کھانوں کے مینیو کو تبدیل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حج کے بعد جو عازمین مدینہ منورہ آئیں گے ان کے کھانوں کی تیاری کے لئے ابھی سے کیٹرنگ کمپنیوں سے ملاقاتوں اور تیاریوں کا آغاز کر دیا ہےتاکہ تمام کھانوں کو نہ صرف معیاری بلکہ پاکستانی ذائقوں کے مطابق تیار کیا جاسکے ۔

انہوں نے کہا کہ حج آپریشن تاخیر سے شروع ہوا مگر پھر بھی ہم اچھے انتظامات کرنے میں کامیاب رہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کھانوں میں چائنیز نمک استعمال نہیں کیا جاتا بلکہ سعودی حکومت سے منظور شدہ نمک ہی استعمال کیا جاتا ہے اور کھانوں میں پاکستانی مصالحے استعمال کیے جا رہے ہیں، کھانے کی تیاری کے دوران کچن چیک کرنے کے لئے معاونین حجاج کی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں ۔

فروزن گوشت کی بجائے تازہ گوشت لے رہے ہیں۔ ہم شب و روز اللہ اور اس کے حبیب ﷺکے مہمانوں کی خدمت کو اپنے لئے اعزاز سمجھتے ہیں اگر یہ ہم سے خوش جائیں گے تو یہی ہمارے لیے نجات کا باعث بنے گا۔