اسلام آباد ۔ 18 مئی (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستانی وکیل نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے معاملے پر عالمی عدالت انصاف میں پاکستانی موقف کو دلیری کے ساتھ پیش کیا ہے۔ جمعرات کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی عدالت انصاف نے کلبھوشن یادیو کے قونصلر رسائی کے کیس پر اپنا نقطہ نظر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی سلامتی بہت اہم ہے اور ہم اسے برقرار رکھیں گے کیونکہ یہ ہمارا خود مختاری کا بنیادی حق بھی ہے۔ مشیر خارجہ کا کہنا تھا کہ عالمی عدالت انصاف میں پاکستانی موقف کو بھرپور طریقے سے پیش کرنے کے لیے ہم اپنی نئی لیگل ٹیم تشکیل دیں گے۔