پاکستانی پیشہ ور افراد کے لیے سعودی ہیلتھ کیئر سیکٹر میں روزگار کے مواقع بڑھانے کی ضرورت ہے، معاون خصوصی جواد سہراب ملک

پاکستانی پیشہ ور افراد کے لیے سعودی ہیلتھ کیئر سیکٹر میں روزگار کے مواقع بڑھانے کی ضرورت ہے، معاون خصوصی جواد سہراب ملک

ریاض۔25نومبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز اور ترقی انسانی وسائل جواد سہراب ملک نے پاکستانی پیشہ ور افراد کے لیے سعودی ہیلتھ کیئر سیکٹر میں روزگار کے مواقع بڑھانے پر زور دیا ہے، سی ای او ڈلہ ہیلتھ کیئر اور ڈاکٹر سلیمان الحبیب اسپتالوں کے وی پی (ایچ آر) بدر الرویلی سے بھی ملاقات کی ہے۔

ریاض سے موصولہ پریس ریلیز کے مطابق معاون خصوصی جواد سہراب ملک نے ڈلہ ہیلتھ کیئر کمپنی کے سی ای او ڈاکٹر احمد بن صالح بابیر اور ڈاکٹر سلیمان الحبیب ہسپتالوں کے وی پی (ایچ آر) بدر الرویلی سے ملاقات کی ہے۔ سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ معاون خصوصی نے ڈلہ ہیلتھ کیئر کا بھی دورہ کیا ،جہاں ڈلہ ہیلتھ کیئر کے سی ای او نے اپنی ٹیم کے ساتھ ان کا استقبال کیا۔ معاون خصوصی کو بتایا گیا کہ یہ دونوں ہسپتال سعودی عرب میں صحت کی دیکھ بھال کی خدمات فراہم کرنے والے سرکردہ ہسپتال ہیں اور مملکت بھر میں جاری توسیعی منصوبوں میں انکا اہم کردار ہے۔

انہوں نے اپنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ہسپتالوں میں کام کرنے والے پاکستانی ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرا میڈیکل سٹاف کے کام کے معیار کو بھی تسلیم کیا۔ انہوں نے پاکستان سے مزید بھرتیوں میں اپنی گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور پاکستانی صحت کی دیکھ بھال کرنے والے پیشہ ور افراد کو سعودی صحت کی دیکھ بھال کے شعبے میں موثر طریقے سے شامل کرنے کے لیے تربیت اور واقفیت کا طریقہ کار تیار کرنے پر اتفاق کیا۔

سعودی عرب میں صحت کی دیکھ بھال کا شعبہ موجودہ اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں کی وجہ سے بڑھ رہا ہے اور اس میں صحت کی دیکھ بھال کرنے والے پیشہ ور افراد کی بہت زیادہ مانگ ہے۔ اس شعبے کے دو اہم کرداروں کے ساتھ ملاقات پاکستانی صحت کی دیکھ بھال کے پیشہ ور افراد کو کامیابی سے ملازمت دینے سے پہلے سعودی صحت کی دیکھ بھال کے شعبے کی منظم ضروریات کے مطابق تربیت اور واقفیت میں فائدہ مند ثابت ہوگی اور ان کے لیے سعودی عرب میں ملازمت کے اچھے مواقع فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔