پاکستان ،غیر وابستہ تحریک(نام) اور اسکے اصولوں کیلئے پر عزم ہے،جو امن ، مساوات ، تعاون اور عام لوگوں کے فلاح و بہبود کے مستحکم بنیادوں پر استوار ہیں،وزیر خارجہ

58

اسلام آباد۔12اکتوبر (اے پی پی):وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان ،غیر وابستہ تحریک’’نام‘‘ اور اسکے اصولوں کیلئے پر عزم ہے،جو امن ، مساوات ، تعاون اور عام لوگوں کے فلاح و بہبود کے مستحکم بنیادوں پر استوار ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ بات انہوں نے منگل کو بلغراد میں منعقد ہونے والی غیر وابستہ تحریک کی 60 ویں سالگرہ کے موقع پر اعلیٰ سطحی یادگاری اجلاس میں ایک ویڈیو بیان میں کہی۔کوڈ 19 وبائی امراض اور موسمیاتی تبدیلی جیسے موجودہ عالمی مسائل کے بارے میں پاکستان کے نقطہ نظر کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے ان چیلنجوں کا مقابلہ کرنےکی غرض سے امن اور ترقی کے لیے نام کے اہم کردار کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیر خارجہ نے ترقی کے لیے مناسب فنانسنگ ، سرمایہ کاری کی واضح حکمت عملی ، اور ڈھانچہ جاتی اور نظامی عدم مساوات کو ختم کرنے کے لیے ایک جامع اور تعاون پر مبنی حکمت عملی وضع کرنے کا مطالبہ کیا۔

وزیر خارجہ نے بڑی طاقتوں کے مابین کشیدگی اور عالمی سطح پر ہتھیاروں کی دوڑے دوبارہ آغاز پرتشویش کا اظہار کیا۔ انسانیت کو درپیش خطرات کے پیش نظر ،وزیر خارجہ نے سٹریٹجک مقابلوں ، فوجی اتحاد ، عالمی یا علاقائی غلبہ ، غیر ملکی مداخلت اور قبضوں سے متعلق سرد جنگ کے زمانے کے تصورات کو مسترد کرنے پر زور دیا۔

غیر ملکی قبضے میں رہنے والے لوگوں کے حق خود ارادیت کے لیے نام کے اصولی موقف کی حمایت کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال کو اجاگر کیا، جہاں حق خودارادیت سے انکار کیا جا رہا ہے۔ وزیر خارجہ نے نام اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور فلسطینی اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ان دیرینہ تنازعات کے منصفانہ ، پرامن اور فوری حل کو یقینی بنائے۔