راولپنڈی۔19اپریل (اے پی پی):چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ ایک ایسا موثر فورم ہے جو پیشہ ورانہ فوجی مہارتوں اور حصہ لینے والے تمام فوجیوں کی حکمت عملی کی مہارت کو مناسب طریقے سے یکجا کرتا ہے جو جنگی کردار کے ارتقا کے دوران انتہائی ضروری ٹیم اسپرٹ کو فروغ دیتا ہے۔انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر)کی جانب سے ہفتہ کو یہاں جاری پریس ریلیز میں کہا گیا کہ 8ویں بین الاقوامی پی اے ٹی ایس مقابلے کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے مشق کے مختلف مراحل کے دوران پیشہ ورانہ مہارت، جسمانی اور ذہنی برداشت اور اعلی اخلاقی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ٹیموں کی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے، پاک فوج نے "کردار، جرات اور قابلیت سے بھرپور صفات کو برقرار رکھا ہے جس کا اظہار دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے جوانوں نے بھرپور طریقے سے کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی مشقوں کے دوران ایک دوسرے سے سیکھنے کے مواقع میسر آتے ہیں۔
یہ مقابلہ14 سے 18 اپریل 2025 تک کھاریاں گیریژن میں منعقد ہوا۔ آرمی چیف نے اختتامی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔60 گھنٹے طویل گشتی مشق کا مقصد فورم کے شرکا کی طرف سے جدید خیالات / تجربات کے اشتراک کے ذریعے جنگی مہارتوں کو بڑھانا تھا۔مشق میں پاک فوج کی سات ٹیموں کے ساتھ پاک بحریہ کی ایک ٹیم اور دوست ممالک کی پندرہ ٹیموں نے حصہ لیا جن میں بحرین، بیلاروس، چین، سعودی عرب، مالدیپ، مراکش، نیپال، قطر، سری لنکا، ترکی، امریکہ اور ازبکستان شامل ہیں۔ اس کے علاوہ بنگلہ دیش، مصر، جرمنی، کینیا، میانمار اور تھائی لینڈ کے نمائندوں نے بطور مبصر مشق کا مشاہدہ کیا۔یہ مشق پنجاب کے نیم پہاڑی علاقوں میں کی گئی۔
یہ مشق دوست ممالک کے لیے ایک انتہائی مسابقتی پیشہ ورانہ فوجی سرگرمی کے طور پر سامنے آئی ہے۔ آخر میں آرمی چیف نے مشق کے شرکا کو انفرادی اور ٹیم ایوارڈز سے نوازا۔تقریب میں شریک ممالک کے بین الاقوامی مبصرین اور دفاعی اتاشیوں نے بھی شرکت کی اور تقریب کے پیشہ ورانہ انعقاد کو سراہا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=584455