اسلام آباد۔20اپریل (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان تعمیری روابط خطے میں امن اور ترقی کو فروغ دیں گے۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار امریکی رکن کانگریس الہان عمر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کو ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔
صدر نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے مابین باہمی مفاد کے لئے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے، دو طرفہ تبادلوں سے دونوں ممالک کے درمیان افہام و تفہیم میں بہتری آئے گی۔ صدر مملکت نے کہا کہ بھارت میں مودی حکومت کی طرف سے اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے خلاف مظالم ڈھائے جا رہے ہیں،
بھارت مسلمانوں کی نسل کشی میں ملوث ہے اور وہ ان کے خلاف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہوا ہے۔ صدر مملکت نے امریکی رکن کانگریس سے ملاقات کے دوران خطے میں امن کے فروغ کے لئے پاکستان کے کردار اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے سب سے اہم شعبہ ہے اور امریکی تاجر اس شعبے میں سرمایہ کاری کرسکتے ہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے امریکی رکن کانگریس الہان عمر نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید بہتر اور مضبوط کرنے کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے اسلاموفوبیا کے خلاف پاکستان کے کردار خاص طور پر اس حوالے سے اقوام متحدہ میں قرارداد کی منظوری کو سراہا۔