پاکستان امن، استحکام، ترقی اور انسانی حقوق پر پختہ یقین رکھتا ہے، پاکستانی پیس کیپرز دنیا بھر میں قیام امن کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کررہے ہیں،وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر کا اقوام متحدہ کے امن دستوںکی75 ویں سالگرہ تقریب سے خطاب

اسلام آباد۔30مئی (اے پی پی):وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ پاکستان امن، استحکام، ترقی اور انسانی حقوق پر پختہ یقین رکھتا ہے، اقوام متحدہ کے زیر انتظام پاکستان دنیا کے شورش زدہ علاقوں میں قیام امن کے لئے اہم کردار ادا کررہا ہے، پاکستانی پیس کیپرز دنیا بھر میں قیام امن کے لئے اپنا بھرپورکردار ادا کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو اقوام متحدہ کے امن دستوں کی 75 ویں سالگرہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیر مملکت برائے امور خارجہ نے کہا کہ ہمارے پیس کیپرز نے دنیا بھر میں امن کے لئے جانوں کی قربانیاں دی ہیں، 177 پاکستانی پیس کیپرز نے امن کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ حنا ربانی کھر نے کہا کہ پاکستان کی یو این پیس کے ساتھ تاریخی شراکت داری ہے اور پاکستانی پیس کیپرز دنیا بھر میں قیام امن کے لئے اپنا کردار ادا کررہے ہیں، گزشتہ سال 8 پاکستانی پیس کیپرز نے اقوام متحدہ کے جھنڈے تلے جام شہادت نوش کیا۔

وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا کہ پاکستانی خواتین زندگی کے ہر شعبہ میں اہم کردار ادا کررہی ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی زیر کمان پاکستانی امن دستوں کی دنیا کے مختلف علاقوں میں خدمات اور قیام امن کے لئے ان بھرپور کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے زبردست الفاط میں خراج تحسین پیش کیا۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ اقوام متحدہ کی امن فوج کی 75 سالہ تاریخ میں اب تک بڑی تعداد میں پاکستانی پیس کیپرز نے اقوام متحدہ کے 46 امن مشنز میں بہادری کے ساتھ خدمات سر انجام دی ہیں۔