12.1 C
Islamabad
ہفتہ, مارچ 1, 2025
ہومتازہ ترینپاکستان اور آذربائیجان نے مشترکہ سرمایہ کاری کے منصوبوں کو تلاش کرنے...

پاکستان اور آذربائیجان نے مشترکہ سرمایہ کاری کے منصوبوں کو تلاش کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے، ترجمان دفتر خارجہ

- Advertisement -

اسلام آباد۔28فروری (اے پی پی):ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور آذربائیجان نے تجارت اور سرمایہ کاری سمیت متعدد شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور توانائی، انفراسٹرکچر اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں مشترکہ سرمایہ کاری کے منصوبوں کو تلاش کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو یہاں پریس بریفنگ میں بتائی۔ انہوں نے کہا کہ آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کی دعوت پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے 24 سے 25 فروری تک آذربائیجان کا سرکاری دورہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے مختلف معاہدوں اور مفاہمت ناموں پر دستخط کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ صدر شوکت مرزیوئیف کی دعوت پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے 25 سے 26 فروری تک جمہوریہ ازبکستان کا سرکاری دورہ کیا، دورے نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان گہرے، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا اور دونوں ممالک کی قیادت کے تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ دورے کے دوران دونوں ملکوں نے تجارت، رابطے، ثقافت اور لوگوں کے درمیان تبادلے جیسے مختلف شعبوں میں تعاون کو بہتر بنانے کے بارے میں اپنے نقطہ نظر کا اشتراک کیا۔ ترجمان نے کہا کہ بات چیت میں خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کو فروغ دینے کے باہمی مقصد کے مطابق ٹرانس افغان ریلوے اور تجارتی راہداریوں کے ذریعے علاقائی رابطوں کو آگے بڑھانے پر زور دیا گیا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=567327

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں