پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مثالی برادرانہ تعلقات ہیں، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کی ترک سفیر سے ملاقات میں گفتگو

444

اسلام آباد۔20جولائی (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہےکہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مذہب، ثقافت، اقدار، تہذیب ، تاریخی روابط، باہمی اعتماد اور حمایت پر مبنی مثالی برادرانہ تعلقات ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمہوریہ ترکیہ کے سفیرمہمت پاچاجی کے ساتھ گفتگو میں کیا جنہوں نے بدھ کو یہاں وزیر دفاع کے دفتر میں ان سے ملاقات کی ۔

اس موقع پر وزیر دفاع نےعلاقائی اور عالمی ابھرتی ہوئی صورتحال بارے مشترکہ مفاہمت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مذہب، ثقافت، اقدار، تہذیب ، تاریخی روابط، باہمی اعتماد اور حمایت پر مبنی مثالی برادرانہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تنازعہ کشمیر اور پانی کے بحران کا بھارت اور پاکستان کے تعلقات میں مرکزی کردار ہے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت خطے میں دیرپا امن کے لیے ان کا منصفانہ حل ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے باہمی تعلقات کو اعلیٰ سطحی سٹریٹجک تعاون کونسل ( ایچ ایل ایس سی سی) کے فورم اور اعلیٰ سطحی ملٹری ڈائیلاگ میٹنگز کے تحت ادارہ جاتی شکل دی گئی ہے۔

وزیر دفاع نے اس حقیقت کو بھی سراہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی مشغولیت ،دفاعی وصنعتی تعاون اور تربیت، وفود، کورسز اور مشترکہ مشقوں کے باقاعدہ تبادلے کے ذریعے پاکستان کی صلاحیتوں کو بڑھانے پر مرکوز ہے۔دونوں رہنما ئوں نے سلامتی، انسداد دہشت گردی اور خطے میں ترقی پذیر صورتحال سے نمٹنے سمیت مشترکہ دلچسپی کے مختلف شعبوں پر اطمینان کا اظہار کیا