اسلام آباد۔1نومبر (اے پی پی):نگراں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے جاپان ڈیفنس فورسز ڈے 2023 کے موقع پر حکومت جاپان اور جاپان کے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور جاپان کے دفاعی تعلقات مضبوط ہو رہے ہیں۔
یہ بات انہوں نے بدھ کو یہاں 69 ویں جاپان ڈیفنس فورسز ڈے 2023 کے موقع پر جاپان کے سفیر واڈا مٹسوہیرو کی جانب سے دیئے گئے استقبالیہ میں شرکت کے موقع پر کہی۔ استقبالیہ میں عسکری حکام، نگراں وفاقی وزراء، اراکین پارلیمنٹ، سفارت کاروں سمیت دیگر افراد بھی شریک ہوئے۔
نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جاپان اور پاکستان کے درمیان دفاعی تبادلوں میں پیشرفت دیکھ کر خوشی ہوئی ہے۔ اس موقع پر نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے پاکستان میں تعینات جاپان کے سفیر اور دیگر کے ہمراہ 69 ویں جاپان ڈیفنس فورسز ڈے 2023 کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا۔