25.5 C
Islamabad
منگل, اپریل 29, 2025
ہومقومی خبریںپاکستان اور جمہوریہ چیک کے تجارتی تعلقات میں پیشرفت، پہلے مشترکہ کمیشن...

پاکستان اور جمہوریہ چیک کے تجارتی تعلقات میں پیشرفت، پہلے مشترکہ کمیشن اجلاس میں اہم پروٹوکولز پر دستخط

- Advertisement -

اسلام آباد۔28اپریل (اے پی پی):پاکستان اور جمہوریہ چیک کے درمیان پہلے مشترکہ کمیشن کا اجلاس سپیشل سیکرٹری وزارت اقتصادی امور محمد حمیر کریم اور جمہوریہ چیک کی وزارت صنعت و تجارت کے ڈائریکٹر جنرل ڈیوڈ ملر کی مشترکہ صدارت میں پیر کو منعقد ہوا۔ اجلاس میں دونوں ممالک کی جانب سے اہم پروٹوکولز پر دستخط کئے گئے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ یاد رہے جولائی 2023 میں دونوں ممالک کے مابین اقتصادی تعاون بڑھانے سے متعلق معاہدہ ہوا تھا جس کے تحت مشترکہ کمیشن کا یہ پہلا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں دونوں جانب سے تجارت و سرمایہ کاری، صحت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت دیگر شعبوں میں مشترکہ ورکنگ گروپس کے قیام کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ سرمایہ کاری معاہدے کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق استوار کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ دونوں جانب سے صنعتی شعبے میں تعاون بڑھانے پر زود دیا گیا جس کے تحت سرجیکل آلات، کھیلوں کے سامان سمیت دیگر صنعتی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں جانب سے توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے بات چین کی گئی، جمہوریہ چیک نے یورپین گرین ڈیل کے تحت قابل تجدید توانائی اور ریسرچ اینڈ ڈولپمنٹ کے ذریعے توانائی میں مدد فراہم کرنے کے لئے دلچسپی ظاہر کی۔ صحت کے شعبے میں پاکستان کی جانب سے ریگولیٹری تعاون، ڈیٹا شیئرنگ، مشترکہ تحقیق اور ڈیجیٹلائزڈ کینسر رجسٹری میں تعاون کی تجاویز پیش کی گئیں۔ اس کے علاوہ تعلیمی میدان میں ایکسچینج پروگرامز کے فروغ پر زور دیا گیا۔

- Advertisement -

پاکستان کی جانب سے لیبر اور افرادی قوت کے شعبے میں ایک مفاہمتی یادداشت کی تجویز پیش کی گئی جس کے تحت بیرون ملک روانگی سے قبل مشترکہ تعاون سے لیبر کی مہارت کو نکھارنے کے لئے پیشہ وارانہ تربیت دی جائے گی۔ جمہوریہ چیک کے حکام نے اس تجویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے متعلقہ حکام کو اس پر مزید بات چیت کرنی چاہیے۔ اس کے علاوہ انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کے شعبے میں ڈیجیٹل معیشت، سائبر سکیورٹی سمیت دیگر امور پر تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ جمہوریہ چیک کے وفد نے پاکستان کی جانب سے آئی ٹی کے شعبے میں مشترکہ ورکنگ گروپ کی تجویز پر مثبت رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ اس پر ضرور عملی اقدام کریں گے۔

ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر کے شعبے سے متعلق تبادلہ خیال کرتے ہوئے دونوں جانب دونوں جانب سے ائیر سروسز معاہدے کو حتمی شکل دینے پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ اس کے علاوہ ٹرانسپورٹ کی جدید کاری، ہوابازی کی تربیت اور ٹرانسپورٹ ٹیکنالوجیز میں تعاون کو بڑھانے کا اعادہ بھی کیا گیا۔ پاکستانی حکام نے ماحولیاتی تعاون پر بات چیت کے دوران موسمیاتی موافقت، وسیٹ واٹر ٹریٹمنٹ، ہائیڈرولوجیکل ماڈلنگ اور فضلے سے توانائی بنانے کے منصوبوں پر جمہوریہ چیک کی جانب سے تکینکی معاونت کی پیشکش کو سراہا۔ علاوہ ازیں چیک میٹرولوجی انسٹیٹیوٹ (سی آیم آئی) اور نیشنل میٹرولوجی انسٹیٹیوٹ آف پاکستان (این آئی ایم پی) کے درمیان تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

مشترکہ کمیشن اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سپیشل سیکرٹری اقتصادی امور حمیر کریم کا کہنا تھا کہ جمہوریہ چیک کی صنعتی طاقت اور پاکستان کا سٹریٹجک محل وقوع انتہائی اہم ہے اور دونوں ممالک ایک دوسرے سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس سلسلے میں دو طرفہ تجارت کو بڑھانے کے لئے ٹیرف اور نان ٹیرف رکاوٹوں کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ براہ راست لاجسٹک چینلز قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ سپیشل سیکرٹری نے چیک سرمایہ کاروں کو پاکستان میں واقع خصوصی اقتصادی زونز میں قابل تجدید توانائی، زرعی ٹیکنالوجی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مینوفیکچرنگ جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری کونسل (ایس آئی ایف سی) کے پلیٹ فارم کے ہوتے ہوئے ان کی سرمایہ کاری کا تحفظ یقینی ہے۔

اجلاس کے اختتام پر دونوں جانب سے کہا گیا کہ یہ پہلا مشترکہ کمیشن پاکستان اور جمہوریہ چیک کے درمیان اسٹرکچرڈ ڈائیلاگ اور عملی تعاون کے ذریعے اقتصادی تعلقات کو مزید گہرا کرنے میں ایک اہم قدم ہے۔دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ کمیشن کا دوسرا اجلاس سال 2026 میں جمہوریہ چیک کے دارالحکومت پراگ میں ہوگا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=588850

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں