کراچی۔ 31 اگست (اے پی پی):پاکستان اور جنوبی افریقہ کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے درمیان وائٹ بال سیریز (کل) جمعہ سے شروع ہوگی ۔ کپتان ندا ڈار سیریز کا آغا زجیت سے کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔
جنوبی افریقہ کی خواتین کرکٹ ٹیم پہلی مرتبہ پاکستان کے دورے پر ہے۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کی خواتین ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا پہلا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کل (جمعہ ) کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ یہ سٹیڈیم تینوں ٹی ٹونٹی میچوں جو بالترتیب یکم ،3 اور 4 ستمبر کو کھیلےجائیں گے کے علاوہ تینوں ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی بھی میزبانی کرے گا۔
یہ تینوں ون ڈے انٹرنیشنل آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہوں گے۔ون ڈے میچز بالترتیب 8، 11 اور 14 ستمبر کو کھیلے جائیں گے۔یہ تمام 6 میچز پی ٹی وی نیشنل اور پی ٹی وی سپورٹس پر لائیو دکھائے جائیں گے جبکہ اس کی لائیو سٹریمنگ اے آر وائی زیپ پر ہوگی۔ٹی ٹونٹی میچز شام 7 بجکر 30منٹ پر شروع ہونگے جبکہ ون ڈے میچز دوپہر ساڑھے تین بجے شروع ہونگے۔یہ سیزن پاکستانی ویمنز ٹیم کے لیے بہت مصروف ہے جس میں اسے 15 ون ڈے انٹرنیشنل اور 17 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کھیلنے ہیں اور ایشین گیمز میں بھی حصہ لینا ہے۔ ندا ڈار نے رواں سال اپریل میں بسمہ معروف کی جگہ پاکستان ویمنز ٹیم کی قیادت سنبھالی ہے۔اسی طرح لورا وولورٹ نے بھی جنوبی افریقہ کی کپتانی سونے لوس کی جگہ سنبھالی ہے۔ یہ دونوں کھلاڑی رواں سال مارچ میں راولپنڈی میں خواتین کے نمائشی میچوں میں حصہ لے چکی ہیں۔
ٹی ٹونٹی کی عالمی رینکنگ میں پاکستان ساتویں اور جنوبی افریقہ پانچویں نمبر پر ہے۔دونوں ٹیمیں اس سے قبل 18 مرتبہ مدمقابل آچکی ہیں جن میں 3 آئی سی سی ایونٹس کے میچز تھے ۔ 15 دو طرفہ سیریز کے میچوں میں جنوبی افریقہ نے 8 اور پاکستان نے 7جیتے ہیں۔دونوں کے درمیان آخری ٹی ٹونٹی میچ 2021 میں ڈربن میں ہوا تھا جو پاکستان 8 رنز سے جیتا تھا۔کپتان ندا ڈار نے اپنی گفتگو میں کہا ہے کہ وہ فل ٹائم کپتان کی حیثیت سے پاکستانی ٹیم کی قیادت کو اعزاز سمجھتی ہیں
۔پہلی بار پاکستان آئی ہوئی جنوبی افریقی ٹیم کے خلاف کھیلنا ایک زبردست تجربہ ہوگا جس کے لیے ہم تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سیریز ایشیا کپ کے ساتھ ساتھ ہورہی ہے لہذا شائقین کے لیے بہت کرکٹ دیکھنے کے لیے ہے اور وہ اس سے لطف اندوز ہوسکیں۔ ندا ڈار نے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلنے کے بارے میں خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے کہ ٹیم یہاں مثبت نتائج دے گی، ہماری توجہ کھیل پر ہے اگرچہ ہم حالیہ دنوں میں انٹرنیشنل کرکٹ نہیں کھیلے لیکن قومی کیمپس اور پریکٹس میچوں میں شرکت کے ذریعے ہم نے خود کو فٹ رکھا ہے ۔ ٹیم کامبی نیشن مضبوط ہے۔
ہم اس سیریز میں اچھے نتائج کے ساتھ اس مصروف سیزن کے لیے تیار ہیں۔ جنوبی افریقہ کی کپتان لورا وولورٹ نے کہا کہ وہ پہلے بھی پاکستان میں نمائشی میچ کھیل چکی ہیں اور اس سیریز کے لیے بھی بہت زیادہ پرجوش ہیں۔یہ بہت بڑی سیریز ہوگی، پاکستان ایک اچھی اور مقابلہ کرنے والی ٹیم ہے۔ ندا بہت اچھی کپتان ہیں پاکستان کے پاس بہت باصلاحیت نوجوان کرکٹرز موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شائقین کو چاہیے کہ وہ آئیں اور ہمارے میچز دیکھیں اور سپورٹ کریں۔ پاکستان کا ٹی ٹونٹی سکواڈ ندا ڈار ( کپتان )، عالیہ ریاض ، بسمہ مععروف، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثنا، منیبہ علی، نجیہہ علوی ( وکٹ کیپر )،نشرہ سندھو، نتالیہ پرویز،صدف شمس، سعدیہ اقبال، شوال ذوالفقار، سدرہ امین، سیدہ عروب شاہ اور ام ہانی پر مشتمل ہے جبکہ ریزرو کھلاڑیوں میں انوشے ناصر،عمیمہ سہیل اور وحیدہ اختر پر مشتمل ہے۔