23.2 C
Islamabad
منگل, اپریل 22, 2025
ہومقومی خبریںپاکستان اور روانڈا کا تجارت، دفاع، ٹیکنالوجی اور سفارت کاری سمیت مختلف...

پاکستان اور روانڈا کا تجارت، دفاع، ٹیکنالوجی اور سفارت کاری سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار، نائب وزیر اعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور روانڈا کے وزیر برائے امور خارجہ کا مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب

- Advertisement -

اسلام آباد۔21اپریل (اے پی پی):پاکستان اور روانڈا نے تجارت، دفاع، ٹیکنالوجی اور سفارت کاری سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے تاکہ باہمی طور پر فائدہ مند شراکت داری قائم اور ترقی کی موجودہ صلاحیت سے فائدہ اٹھایا جاسکے۔ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور روانڈا کے وزیر برائے امور خارجہ اور بین الاقوامی تعاون اولیور جین پیٹرک ندوہنگرے کے درمیان پیر کو یہاں بات چیت کے دوران دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ روانڈا کے وزیر برائے امور خارجہ پاکستان کے سرکاری دورے پر ہیں۔ وفود کی سطح پر ہونے والی ملاقات اور سفارتی تربیت کے شعبے میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کے بعد دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی پر اطمینان کا اظہار کیا اور تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، سفارت کاری اور لوگوں کے تبادلے جیسے ترجیحی شعبوں میں باہمی فائدہ مند تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

بعد ازاں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان روانڈا کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، پاکستان نے 2021 میں کیگالی میں اپنا ہائی کمیشن قائم کیا، روانڈا کے وزیر خارجہ کے دورہ اسلام آباد کے دوران روانڈا ہائی کمیشن کا افتتاح کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان روانڈا کی چائے کے سب سے بڑے درآمد کنندگان میں شامل ہے اور وہ روانڈا کی کافی، ایوکاڈو، دالوں اور باغبانی کی مصنوعات کی مزید درآمدات کا خواہشمند ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی دواسازی، ٹیکسٹائل، چاول، آلات جراحی، ایگری ٹیک اور کھیلوں کے سامان کی برآمدات روانڈا میں مضبوط امکانات رکھتی ہیں۔ نائب وزیراعظم نے انفارمیشن اور کمیونیکیشن ٹیکنالوجی میں تعاون کے وسیع امکانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن، ای گورننس، فن ٹیک اور نوجوانوں کے لیے اختراعی پلیٹ فارمز میں روانڈا کے ساتھ شراکت داری کا خواہاں ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ مئی 2025 میں عدیس ابابا میں ہونے والی آئندہ پاکستان-افریقہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ کانفرنس اور سنگل کنٹری نمائش ہوگی۔ نائب وزیر اعظم نے دونوں ممالک کے درمیان متواتر اعلیٰ سطحی تبادلوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کثیرالجہتی محاذ پر دوطرفہ تعاون بھی مضبوط رہا، دونوں اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی فورمز پر ایک دوسرے کی امیدواروں کی حمایت کرتے ہیں۔ روانڈا کے وزیر خارجہ نے کہا کہ سفارتی تربیت پر مفاہمت نامے پر دستخط کرنے کے علاوہ فریقین تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے مختلف شعبوں میں دیگر مفاہمت ناموں پر غور کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کے وفد میں روانڈا ڈویلپمنٹ بورڈ اور وزارت تجارت سمیت مختلف اداروں کے نمائندے شامل ہیں جو روانڈا کی پاکستان کے ساتھ کاروبار کرنے اور پاکستانی کاروباری برادری کو روانڈا کی سیاحت کے لیے راغب کرنے کی خواہش کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں فریق تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور دفاع جیسے کئی شعبوں میں مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت روانڈا کی پاکستان کو برآمدات 26 ملین ڈالر ہیں جبکہ تجارت، صنعت اور صحت کے شعبوں میں روانڈا کو پاکستان کی برآمدات 100 ملین ڈالر کے لگ بھگ ہیں۔

روانڈا کے وزیر خارجہ نے سیاحت اور کھیلوں بالخصوص کرکٹ میں دوطرفہ تعاون پر بھی زور دیا کیونکہ یہ کھیل دونوں طرف بہت مقبول ہے۔ وزیر نے کہا کہ پاکستان اور روانڈا نے عالمی امن کے لیے یکساں عزم کا اظہار کیا ہے، دونوں ممالک اقوام متحدہ کے امن مشن میں فوجی تعاون کرنے والے ٹاپ فائیو ممالک میں شامل ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کی حیثیت سے افریقی براعظم میں تنازعات کا حل تلاش کرنے میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=585418

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں