کراچی۔ 21 اکتوبر (اے پی پی):پاکستان اور سری لنکا کی انڈر 19کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں پرمشتمل سیریز کا آغاز کل اتوار سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہو گا۔ سری لنکا انڈر 19کو چار روزہ میچ میں 9 وکٹوں سے شکست دینے کے بعد سعد بیگ کی قیادت میں پاکستان انڈر 19ٹیم ون ڈے سیریز میں بھی جیت کے لئے پرعزم ہے اور اسی بلند حوصلے کے ساتھ وہ پہلا ون ڈے کھیلنے میدان میں اترے گی۔
سعد بیگ اس سے قبل اسی سال بنگلہ دیش کے دورے میں بھی پاکستان انڈر 19کی قیادت کرچکے ہیں۔محمد اسماعیل، عرفات منہاس، شامل حسین، محمد ابتسام اور شاہ زیب خان بھی اس ٹیم کا حصہ تھے اور اب وہ سری لنکا انڈر 19کے خلاف سیریز میں بھی حصہ لیں گے۔شاہ زیب خان نے بنگلہ دیش کے خلاف پانچ ون ڈے میچوں میں 264رنز بنائے تھے جس میں ایک سنچری اور دو نصف سنچریاں شامل تھیں۔سعد بیگ نے ایک نصف سنچری کی مدد سے119رنز اسکور کئے تھے۔بائولنگ میں عرفات منہاس نے 8 جبکہ محمد اسمعیل نے 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔اسوقت جاری نیشنل انڈر 19کپ میں شاہ زیب خان تین میچوں میں 142رنز بناچکے ہیں۔
سعد بیگ نے چار میچوں میں 115رنز اسکورکئے ہیں۔ محمد اسماعیل نے 6 وکٹیں حاصل کیں۔ نجب خان نے چار میچوں میں199رنز بنائے ہیں جبکہ آفتاب احمد نے چار میچوں میں 13 وکٹیں حاصل کیں ۔شامل حسین نے چار میچوں میں119رنز بنائے۔پاکستان انڈر19اور سری لنکا انڈر 19آخری مرتبہ 50 اوورز فارمیٹ میں 2022کے انڈر19ورلڈ کپ میں مدمقابل ہوئے تھے جس میں پاکستان نے 238رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان آخری دو طرفہ سیریز 2019میں سری لنکا میں کھیلی گئی تھی جو پاکستان انڈر 19نے تین دو سے جیتی تھی۔پاکستان انڈر 19اسکواڈسعد بیگ (کپتان اور وکٹ کیپر )، آفتاب احمد، احمد حسین، علی رضا، عرفات منہاس، حمزہ نواز، ہارون ارشد، محمد عمار، محمد حذیفہ، محمد ابتسام، محمد اسماعیل، محمد ریاض اللہ، محمد طیب عارف، نجب خان، نوید احمد خان، شاہ زیب خان، شامل حسین اور عبید شاہ پر مشتمل ہے۔سیریز کے شیڈول کے مطابق پانچ ون ڈے 22،24،27،29اور 31اکتوبر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے۔