ممبئی۔19ستمبر (اے پی پی):پاکستان اور نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیموں کے درمیان 29 ستمبر کو حیدرآباد میں ہونے والا ورلڈ کپ وارم اپ میچ سیکیورٹی وجوہات کے باعث تماشائیوں کے بغیر کھیلا جائے گا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی کے ایک ممبر نے کہا کہ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ سیکیورٹی خدشات کے باعث تماشائیوں کے بغیر کھیلا جائے گا جبکہ بھارتی کرکٹ بورڈ اپنے ٹکٹنگ پارٹنر کے ذریعے شائقین کو ٹکٹ کی رقم کی واپسی کی سہولت فراہم کرے گا۔
حیدرآباد پولیس نے28 ستمبر کو ہندوئوں کے تہوار کی وجہ سے پاکستان اور نیوزی لینڈ کا ورلڈ کپ وارم اپ میچ ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی لیکن پہلے سے سخت شیڈول کی وجہ سے میچ کھیلنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اسی طرح کے سیکیورٹی خدشات کا اظہار پاکستان، سری لنکا، نیوزی لینڈ اور ہالینڈ کے درمیان9 اور 10 اکتوبر کو حیدرآباد میں ہونے والے ورلڈ کپ2023 ء کے دو پول میچوں کے حوالے سے بھی کیا گیا ہے۔
ان خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے پولیس کی بھاری تعداد کو ہر میچ کے دوران تعینات کیا جائے گا جبکہ پاکستان ٹیم کے ہوٹل میں بھی سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے جائیں گے۔