راولپنڈی۔26اپریل (اے پی پی):پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ون ڈے سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کر دی گئی ۔ ٹرافی رونمائی کی تقریب بدھ کے روز راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں منعقد ہوئی۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان ٹام لیتھم نے ٹرافی کی رونمائی کی ۔
پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) کی جانب سے ٹرافی کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی گئیں ، ٹرافی کا ڈیزائن ٹی 20 سیریز کے لئے بنائی گئی ٹرافی ہی کی طرح کا ہے ۔ واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا میچ ( کل ) بروز جمعرات کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا ،
اس سلسلے میں دونوں ٹیموں نے بھرپور پریکٹس کی ، سیریز کا دوسرا ون ڈے میچ 29 اپریل، تیسرا میچ 3 مئی، چوتھا میچ 5 مئی جبکہ پانچواں اور آخری میچ 7 مئی کو کھیلا جائے گا، پہلے دو میچ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم جبکہ آخری تین میچ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے ۔