لاہور۔10اپریل (اے پی پی):پاکستان اور صوبہ پنجاب کے لئے بڑاعالمی اعزاز، سال 2027 کے لئے لاہور کو ای سی او کا سیاحتی دارالحکومت نامزد کر دیا گیا، 10 ممالک کی معاشی تعاون تنظیم (ای سی او) کا 25 رکنی وفد 13 اپریل سے لاہور کا دورہ شروع کرے گا اور لاہورشہر کو باضابطہ طورپرای سی او کیپٹل ٹورازم نامز د کرنے کا اعلان ہوگا۔ ازبکستان کے شہرسبز کو یہ اعزاز پہلے مل چکا ہے جبکہ ترکیہ کے مشرقی اناطولیہ کے شہر اذروم کو 2025 کے لئے ای سی او کیپٹل ٹورازمنامزد کیاگیا ہے۔
وزیراعلی پنجاب کی دعوت پراکنامک کوآرڈینیشن آرگنائزیشن کے سفیر لاہور آرہے ہیں، ای سی او میں ترکیہ، ایران، افغانستان،پاکستان کے علاوہ آذربائیجان، قزاقستان،کرغزستان،تاجکستان،ترکمانستان اورازبکستان کے ممالک شامل ہیں۔ ای سی او ہر سال 10 میں سے ایک رکن ملک کے شہر کو اس منفرد اعزاز کے لئے منتخب کرتا ہے، لاہور کو اس کے بھرپور تاریخی، ثقافتی اور سیاحتی ورثے کے پس منظر میں یہ اعزاز دیاجارہا ہے۔2019 میں شروع ہونے والے اس سلسلے کا مقصد ای سی او خطے کے تاریخی، ثقافتی و سیاحتی ورثے اور خوبصورتی کو دنیا بھر میں اجاگر کرنا ہے۔
وزیراعلی پنجاب کی میزبانی میں ای سی اوکی مستقل مندوبین کونسل کا اجلاس سول سیکرٹریٹ میں منعقد ہوگا۔ ای سی او ممالک کا وفد میلہ چراغاں دیکھنے کے علاوہ، والڈ سٹی سمیت دیگر تاریخی مقامات اور سیف سٹیز اتھارٹی کا دورہ کرے گا۔ وفد کے اعزاز میں گورنر ہائوس میں ظہرانہ بھی ہو گا۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ لاہور کوای سی او کیپٹل ٹورازم کا اعزاز ملنا ہماری تاریخ وثقافت اور قومی ورثہ کے فروغ کے حوالے سے بڑی پیش رفت ہے جس کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز لاہور کے تاریخی، تہذیبی، ثقافتی رنگ دنیا کو دیکھانا چاہتی ہیں، لاہور کا ای سی او کیپٹل ٹورازمنامز دہونا ملک اور صوبے میں عالمی سیاحت کے فروغ کی طرف اہم قدم ثابت ہوگا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=580446