پاکستان اور چین اقتصادی راہداری منصوبے پر تیزی سے کام کر رہے ہیں،پہلا فیز 2018ءتک مکمل ہو جائے گا، وزارت منصوبہ بندی و ترقیات

119

اسلام آباد ۔ 21 ستمبر (اے پی پی) چین پاکستان اقتصادی راہداری کا پہلا فیز 2018ءتک مکمل ہو جائے گا۔ اس مرحلے کی تکمیل سے انرجی کے شعبے میں 10ہزار میگاواٹ بجلی کی پیداوار سے بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی‘ اس کے ساتھ ساتھ پاکستان کے موجودہ روڈ نیٹ ورک کو اپ گریڈ کرنے سے خاص کر مغربی روٹ پر مسنگ لنکس کی تعمیر سے گوادر سے پاکستان کے شمالی علاقوں کے ذریعے چین کے مغربی حصے تک تجارتی سامان کی نقل و حمل کے لئے مختصر اور محفوظ راستہ بھی میسر ہو گا۔ وزارت منصوبہ بندی و ترقیات کے حکام نے ”اے پی پی“ کو بتایا کہ پاکستان اور چین اس منصوبے پر تیزی سے کام کر رہے ہیں اور دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں‘ چین پاکستان اس منصوبے کی دونوں ممالک کے لئے افادیت کے ساتھ خطے کے تین ارب افراد کی تقدیر بدلنے کی اہمیت سے آگا ہ ہیں۔