اسلام آباد۔22مئی (اے پی پی):پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے 74 سال مکمل ہونے کے موقع پر اسلام آباد کے سلک روڈ کلچرل سینٹر میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں معزز شخصیات نے شرکت کی جن میں چینی سفیر جیانگ زیڈونگ اور قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق شامل تھے۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان "آہنی دوستی” کی پائیداری کو بھرپور انداز میں سراہا گیا۔تقریب میں پیش کی گئی ثقافتی سرگرمیوں نے دونوں ممالک کے گہرے تعلقات اور باہمی احترام کی عکاسی کی۔ اس تقریب کا سب سے دلکش پہلو پاکستانی فنکار عمیر شاہد (اومی) کی پرفارمنس تھی جنہوں نے چینی گانا "وو من بو یی یانگ” پیش کر کے سامعین کو محظوظ کیا۔
ان کی دل کو چھو لینے والی پرفارمنس کو بھرپور پذیرائی ملی اور سپیکر ایاز صادق نے چینی ثقافت کو خراج تحسین پیش کرنے پر ان کی تعریف کی۔عمیر شاہد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اتنے بڑے سٹیج پر چینی گانے کے ذریعے ساہیوال پاور پلانٹ کی نمائندگی کرنا میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔تقریب میں چینی ثقافت کی خوبصورت جھلکیاں بھی شامل تھیں جن میں روایتی رقص، جادو کا مظاہرہ، کونگ فو کا شاندار ڈیمانسٹریشن، اور چینی چائے بنانے کے فن کا براہ راست مظاہرہ شامل تھا۔
یہ سرگرمیاں نہ صرف تفریح کا باعث بنیں بلکہ چینی ثقافت کی خوبصورتی سے بھی روشناس کراتی رہیں۔تقریب کے اختتام پر چینی روایتی فنون، دستکاری اور موسیقی کے آلات پر مشتمل ایک نمائش کا انعقاد کیا گیا جس نے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی روابط کو مزید مضبوط کیا۔ مہمانوں کو چینی چائے کی مختلف اقسام سے تواضع کی گئی، جو دونوں اقوام کی مہمان نوازی اور گرمجوشی کی علامت تھی۔یہ یادگار تقریب نہ صرف پاکستان اور چین کے تاریخی تعلقات کا جشن تھی بلکہ اس عزم کا اعادہ بھی کہ دونوں ممالک آئندہ برسوں میں ثقافتی ہم آہنگی اور تعاون کو مزید فروغ دیتے رہیں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=600097