27.7 C
Islamabad
اتوار, اپریل 20, 2025
ہومقومی خبریںپاکستان اور ہنگری کا سفارتکاری، ثقافت اور ثقافتی ورثے سمیت مختلف شعبوں...

پاکستان اور ہنگری کا سفارتکاری، ثقافت اور ثقافتی ورثے سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق، نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈاراور ہنگری کے وزیر برائے امور خارجہ پیٹر سیجارٹوکی ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس

- Advertisement -

اسلام آباد۔17اپریل (اے پی پی):پاکستان اور ہنگری نے سفارت کاری، ثقافت اور ثقافتی ورثے سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق اور امن وکثیرالجہتی کے لئے باہمی تعاون کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور پاکستان کے سرکاری دورے پر آئے ہوئے ہنگری کے وزیر برائے امور خارجہ و تجارت پیٹر سیجارٹو کے درمیان جمعرات کو یہاں ہونے والی ملاقات میں دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنمائوں نے وفود کی سطح پر ہونے والی بات چیت میں اپنے اپنے ملکوں کے وفود کی قیادت کی جس کے بعد مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدوں پر دستخط ہوئے۔ ملاقات اور بات چیت کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور ہنگری زراعت، صحت کی دیکھ بھال، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور صنعتی مینوفیکچرنگ میں تعاون کو مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مفاہمت کی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخطوں سے ثقافتی تعلقات کو نئی تحریک ملے گی، دونوں ممالک نے اس سال سفارتی تعلقات کی 60 ویں سالگرہ منائی، یہ شراکت داری سیاسی، اقتصادی، سائنسی اور ثقافتی شعبوں میں پروان چڑھی ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے پاکستان اور ہنگری کو قابل اعتماد دوست اور شراکت دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ فریقین نے باہمی تعاون کو بڑھانے اور علاقائی اور عالمی چیلنجز سے نمٹنے پر تبادلہ خیال کیا۔ نائب وزیراعظم نے ہنگری کی ”ایسٹرن اوپننگ پالیسی“ کے تحت تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا، جو ہنگری کے وزیر اعظم وکٹر اوربان کی قیادت میں تیار کی گئی ہے اور پاکستان کے وژن سے ہم آہنگ ہے ۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پاکستان کی ترقی میں ہنگری کے تعاون اور ملک میں ہنگری کے ایم او ایل گروپ کے کامیاب آپریشنز کو سراہتے ہوئے کہا کہ حال ہی میں منعقدہ تیسرے مشترکہ کمیشن نے زراعت، پانی کے انتظام اور دیگر شعبوں میں ہنگری کی مہارت سے فائدہ اٹھانے کے منصوبوں کو مزید تقویت بخشی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہنگری کے وزیر کے وفد میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے 17 تاجر وں کی موجودگی نے حال ہی میں منعقدہ بزنس فورم کےدوران باہمی تعاون کے مواقع کو اجاگر کیا ۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے جی ایس پی پلس سکیم کے لئے ہنگری کی مسلسل حمایت پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ دورے کے دوران مفاہمت کی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط سے ثقافتی تعلقات کو نئی تحریک ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے سفارتی پاسپورٹ رکھنے والوں کے لئے ویزا کی شرائط کو ختم کرنے کے لئے لیے ایک معاہدے پر دستخط کئے ہیں جس سے حکومت سے حکومت اور عوامی روابط مزید گہرے ہوں گے۔ نائب وزیراعظم نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ ملاقات کے دوران انہوں نے جموں و کشمیر پر پاکستان کے اصولی موقف پر زور دیا اور دو ریاستی حل کی بنیاد پر فلسطینی کاز کی مستقل حمایت کا اعادہ کیا۔

انہوں نے ہنگری کے وفد کو افغانستان کی صورتحال اور اس سے منسلک سکیورٹی چیلنجز سے بھی آگاہ کیا۔ فریقین نے یوکرین کے تنازعے کے پرامن حل کی ضرورت اور تعمیری بات چیت کی اہمیت پر زور دیا۔ اس موقع پر ہنگری کے وزیر برائے خارجہ امور وتجارت پیٹر سیجارٹو نے سفارتی پاسپورٹ رکھنے والوں کے لئے ویزا کی شرائط کو ختم کرنے کے معاہدے پر دستخطوں کا خیر مقدم کیا اور ہنگری کی طرف سے دو طرفہ تعلقات کو مزید بہتر کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بین الاقوامی سیاست میں باہمی احترام کو اولین ترجیح حاصل ہو نی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تنقیدی رویوں نے عالمی سیاست میں مسائل کو جنم دیا ہے، بین الاقوامی سیاست کو بلاکس میں تقسیم کرنے کے بجائے رابطوں کو فروغ دینا چاہیے۔ ہنگری کے وزیر برائے خارجہ امور نے ثقافتی تعاون کے معاہدوں کے بارے میں کہا کہ دونوں ممالک کی تاریخ اور ثقافتی ورثے مضبوط ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے انہوں نے خطے میں سلامتی کے سنگین چیلنجز خاص طور پر افغانستان کی صورتحال بشمول دہشت گردی اور غیر قانونی نقل مکانی کے خطروں کا اعتراف کیا۔

انہوں نے پاکستان میں جی ایس پی پلس پروگرام کی توسیع کےلئےہنگری کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے اسے باہمی مفاد میں قرار دیا۔انہوں نے پاکستا ن اور ہنگری کے درمیان تجارتی حجم کو دوگنا کرنے سمیت اقتصادی تعاون میں حالیہ کامیابیوں کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہنگری نے پاکستان میں مسیحی برادریوں کے لئے 16 انسانی ہمدردی کے پروگرام کئے ہیں اور پاکستانی طلبا کو سالانہ 400 وظائف کی پیشکش کی ہے۔ انہوں نے پاکستان میں گزشتہ 25 سال میں ہنگری کی کمپنی ایم او ایل کی 400 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا حوالہ دیا جس کا مقصد پاکستان کی توانائی کی حفاظت اور ہنگری کے اقتصادی مفادات کو فروغ دینا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہنگری فوڈ سکیورٹی، واٹر مینجمنٹ اور میڈیکل ٹیکنالوجیز میں تعاون کی پیشکش کرسکتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں نائب وزیراعظم نے خصوصی ایلچی کی تقرری سمیت افغانستان کے ساتھ روابط کے لئے پاکستان کی کوششوں کا ذکر کیا اور آئندہ چند روز میں اپنے آئندہ دورہ کابل کا بھی اعلان کیا۔ قبل ازیں نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار اور ہنگری کے وزیر خارجہ و تجارت پیٹر سیجارٹو نے سفارتی پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزا سے استثنا کے معاہدے اور ثقافت اور آثار قدیمہ کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لئے مفاہمت کی دو یادداشتوں پر دستخط کئے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=583481

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں