پاکستان اور یو اے ای میں اربوں ڈالرز سرمایہ کاری کے معاہدے دونوں ملکوں کے تعلقات میں نئے باب کا آغاز ہے، احسن ظفر بختاوری

Ahsan Bakhtavari
Ahsan Bakhtavari

اسلام آباد۔28نومبر (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ تجارت (آئی سی سی آئی) کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا ہے کہ پاکستان اور یو اے ای میں اربوں ڈالرز سرمایہ کاری کے معاہدے دونوں ملکوں کے تعلقات میں نئے باب کا آغاز ہے۔

پاکستان کے متحدہ عرب امارات کے ساتھ معاہدوں سے متعلق منگل کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور یو اے ای میں اربوں ڈالرز سرمایہ کاری کے معاہدے دونوں ملکوں کے تعلقات میں نئے باب کا آغاز ہے،متحدہ عرب امارات کی مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری پاکستان کی معیشت کو ایک نئی جہت دے گی۔انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کی طرف سے معاہدوں پر وزیراعظم، آرمی چیف اور یو اے ای سفیر کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،امید ہے یو اے ای کے بعد کویت سے بھی سرمایہ کاری معاہدے خوش اسلوبی سے طے پائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نگران حکومت اور ایس آئی ایف سی کے سرمایہ کاری کے حوالے سے اقدامات کے نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں،معیشت بحالی کی طرف گامزن ہے، معاشی پالیسیوں کا تسلسل برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ سٹاک ایکسچینج میں تاریخی بلندی اور سرمایہ کاری معاہدے حکومتی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا مظہر ہیں،امید ہے عام انتخابات کے بعد قائم ہونے والی جمہوری حکومت بھی معاشی بہتری کی پالیسیوں کا تسلسل برقرار رکھے گی۔