پاکستان بھارت کے ساتھ تمام مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کا خواہشمند ہے،ڈاکٹر ماریہ سلطان

123

اسلام آباد ۔ 5 اگست (اے پی پی)بین الاقوامی حالات کی ماہر ڈاکٹر ماریہ سلطان نے کہاہے کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے بھارت اس پر دباﺅ نہیں ڈال سکتا۔ ریڈیو پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ سارک ممالک کی تنظیم خطے کے باہمی مسائل کے حل کے لئے بنائی گئی تھی۔ انھوں نے کہا کہ بھارت ہمیشہ سے تنظیم کو اپنے مطابق چلانے کی کوششیں کرتا آرہا ہے تاہم پاکستان کی موجودگی میں ایسے ممکن نہیں ہو سکتا۔ ماریہ سلطان نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ تمام مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کا خواہشمند ہے تاہم بھارت نے اس سلسلے میںکبھی مثبت پیش رفت نہیں دکھائی۔ انھوں نے کہا کہ دونوں ممالک اورخطے کی خوشحالی کے لئے تمام دیرینہ مسائل پر مذاکرات کرنا چاہیں۔کشمیر کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے انھوں نے کہا بھارت طاقت کے ذریعے جذبہ حریت کو دبا نہیں سکتا، پاکستان کو چاہیے کہ وہ دنیا کے سامنے بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کرے۔