اسلام آباد۔7اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان بہتر معاشی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہے، ٹیکس محصولات اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا ہے، بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسیوں کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری سے ملک کے مجموعی اقتصادی استحکام کی عکاسی ہو رہی ہے۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو یہاں پاکستان میں فن لینڈ کے سفیر ہانو ری پاتھی سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزیر خزانہ نے فن لینڈ کے سفیر کو ملک کی مجموعی معاشی صورتحال اور معاشی استحکام کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ 9 ماہ کا پروگرام مکمل کر چکا ہے جبکہ حال ہی میں 37 ماہ پر مشتمل پروگرام کیلئے آئی ایم ایف کے ساتھ سٹاف لیول معاہدہ بھی ہو چکا ہے۔ انہوں نے فن لینڈ کے سفیر کو ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن، توانائی کے شعبہ میں اصلاحات، سرکاری ملکیتی اداروں کی تنظیم نو اور برآمدات پر مبنی نمو کیلئے حکومتی اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ ان اقدامات کا بنیادی مقصد برآمدات پر مبنی پائیدار نمو کا حصول ہے۔ فن لینڈ کے سفیر نے پاکستان میں اقتصادی اصلاحات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فن لینڈ کی کمپنیوں کی مالی حالت بہتر ہوئی ہے۔ وزیر خزانہ نے جی ایس پی پلس کی تجدید میں معاونت پر فن لینڈ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس سہولت کی وجہ سے ملک کے برآمدی شعبہ کو فائدہ ہو رہا ہے۔ ملاقات کے اختتام پر فریقین نے پاکستان اور فن لینڈ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے سے اتفاق کیا اور اقتصادی استحکام اور نمو کیلئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔