پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کی ریڈیو پاکستان کے پروگرام میں گفتگو

72
وزیر اعظم نوجوانوں کے مستقبل پر بہت توجہ دے رہے ہیں،ای کامرس کے ذ ریعے نوجوان لڑکیوں اور لڑکوں کو روز گار فراہم کیا جا رہا ہے جس کیلئے حکومت نے انقلابی کامیاب جوان پروگرام شروع کیا ہے،وزیر مملکت علی محمد خان

اسلام آباد ۔ 02 نومبر (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ ملک میں اپوزیشن جماعتوں کی سیاسی ہنگامہ آرائی سے کشمیر کاز پر منفی اثر پڑے گا’ اپوزیشن جماعتیں پاکستان دشمن عناصر کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، اپوزیشن رہنما کشمیری عوام پر رحم کریں’جے یو آئی (ف) کے سربراہ ذاتی مفادات کے لئے اسلام کے بنیادی اصولوں کی نفی کررہے ہیں۔ ہفتہ کو ریڈیو پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان مضبوط شخصیت کے مالک ہیں اپوزیشن اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر کے انہیں بلیک میل نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کو تباہ حال مشعیت ملی تھی جبکہ موجودہ حکومت پاکستان کو دوبارہ ٹریک پر لانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا آزادی مارچ بدنیتی پر مبنی ایجنڈا ہے، دنیا بھر میں کرپشن پر مظاہرے ہوتے ہیں لیکن یہاں پر اپوزیشن جماعتیں بدعنوان قائدین اور ملک کا لوٹا ہوا پیسہ بچانے کیلئے مارچ کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت ملکی معیشت کو مستحکم کرنے اور ملک میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان کی سربراہی میں پاکستان صحیح سمت کی طرف گامزن ہے۔ پارلیمانی امور کے وزیر علی محمد خان نے کہا کہ گلگت بلتستان کی عوام ہمارا اثاثہ ہیں اور وزیر اعظم ملک کے پسے ہوئے طبقات کے طرز زندگی کو بہتر بنانے کیلئے پر اعتماد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات انتہائی قابل تحسین ہے کہ وزیر اعظم عوام سے جڑے ہوئے ہیں جبکہ اپوزیشن جماعتیں سیاسی فواہد اور ذاتی مفادات کے حصول کیلئے مذہب کارڈ کھیل رہی ہیں لیکن اب باشعور عوام ان کے دھوکے میں نہیں آئے گی۔ پی ٹی آئی رہنما صداقت علی عباسی نے کہا کہ اپوزیشن لوگوں کے مذہبی جذبات کو اکسا کر مارچ کے ذریعے ملک میں سیاسی انتشار پیدا کرنے کیلئے حربے استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے پاس حکومت کے خلاف احتجاج کرنے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں ہے، اپوزیشن صرف اپنے بدعنوان قائدین کیلئے این آر او حاصل کرنا چاہتی ہے۔ صداقت عباسی نے کہا کہ حکومت نے اپوزیشن کے مارچ میں کوئی رکاوٹیں کھڑی نہیں کیں بلکہ جمہوری انداز سے مظاہرین کو سہولیات فراہم کیں، اپوزیشن کا وزیر اعظم کے استعفیٰ کا مطالبہ کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لئے غیر ملکی ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں اور اس مارچ کا اصل مقصد صرف حقیقی مسائل سے توجہ ہٹانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بہت سارے چیلنجز کا سامنا ہے اور ملک میں اسطرح کا احتجاج کرنے کا یہ صحیح وقت نہیں۔ انہوں نے مزید کہا ہندوستانی میڈیا لانگ مارچ کی کوریج کر رہا ہے اور اس سے ہندوستان کے بیانیے کو مزید تقویت ملے گی۔ پی ٹی آئی رہنما شوکت بسرا نے کہا کہ لانگ مارچ کا وقت بہت متنازعہ ہے، اپوزیشن جماعتیں صرف اپنے قائدین کی کرپشن کو بچانے اور احتساب کے عمل کو روکنے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت دانشمندی سے موجودہ سیاسی صورتحال سے نمٹ رہی ہے اور اسی لئے ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی لیکن کسی کو بھی قانون توڑنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے موثر سفارتکاری سے مسئلہ کشمیر کو دنیا کے سامنے اجاگر کیا ہے اور وہ حقیقی معنوں میں کشمیری عوام کے سفیر کے طور پر سامنے آئے ہیں۔