اسلام آباد ۔ 2 اگست (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ آئین اور قانون الیکشن کے بعد تمام ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی اجازت دیتا ہے، اس سے انتخابات میں شفافیت کا ثبوت ملتا ہے، الیکشن 2018ءصاف، شفاف اور غیرجانبدارانہ ہوئے ہیں۔ جمعرات کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پہلے ہی کہہ دیا ہے کہ جہاں بھی الیکشن میں بے قاعدگی کے ثبوت ہیں تو وہ حلقے کھولنے کیلئے تیار ہیں۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ تحریک انصاف آئین اور قانون کی بالادستی چاہتی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حزب اختلاف تمام قومی معاملات پر اپنا تعمیری کردار ادا کرے گی۔ ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ سپیکر قومی اسمبلی کا عہدہ جیتنے کیلئے تحریک انصاف کو کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہیں ہے۔