23.2 C
Islamabad
منگل, اپریل 22, 2025
ہومقومی خبریںپاکستان ترقی کی شاہراہ پر ٹیک آف کریگا،ہم امید رکھیں گے توہمارے...

پاکستان ترقی کی شاہراہ پر ٹیک آف کریگا،ہم امید رکھیں گے توہمارے بچے بھی پر امید رہیں گے۔ محسن نقوی

- Advertisement -

لاہور۔24نومبر (اے پی پی):نگران وزیر اعلی محسن نقوی نے کہا ہےکہ پاکستان کے مستقبل کے بارے میں مایوسی پھیلانے والے ہمیشہ کی طرح اب بھی ناکام رہیں گے، پاکستان نیچے نہیں بلکہ اوپر جائے گا۔ جمعہ کے روز یہاں الحمرا ہال میں ایئر وار کالج انسٹیٹیوٹ کے کورس کے شرکا سے کلیدی خطاب کرتے ہوئے نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان وسائل سے مالا مال ملک ہے،ہمارے پاس بہترین انسانی وسائل موجود ہیں۔پاکستان بہت جلد ترقی اور خوشحالی کی شاہراہ پر ٹیک آف کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ قرآن پاک میں ارشاد باری تعالی ٰہے کہ مایوسی گناہ ہے۔ہم اگر امید رکھیں گے توہمارے بچے بھی پر امید رہیں گے۔ اگر ہم مایوس ہوگئے تو ہمارے بچے بھی مایوس ہونگے۔امید کا دامن پکڑ کر سب نے پاکستان کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 10ماہ قبل جب پنجاب میں نگران سیٹ ا پ آیا تو ہمیں بتایا گیا کہ گندم کا سرکلرڈیٹ 600 ارب روپے سے تجاوز کر چکا ہے۔ہم نے عزم کے ساتھ مشکل فیصلہ کیا اور یہ سرکلر ڈیٹ ختم کیا۔ہماری یہ کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ٹیم اچھی اور کچھ کرنے کا جذبہ ہوتو مشکل کام بھی آسان ہوجاتے ہیں اور ہم نے 10ماہ میں یہ عملا ًکرکے دکھایا ہے۔

- Advertisement -

وزیر اعلی محسن نقوی نے کہا کہ کپاس کے زیر کاشت رقبے میں اضافہ کیا اور تین ارب ڈالر کا زرمبادلہ بچایا۔چاول کی کاشت میں 100 فیصد اضافہ ہوا اور مجموعی طور پر2 ارب ڈالر کا اضافہ چاول کی کاشت سے ہوا۔گوجرانوالہ، فیصل آباد اور روالپنڈی میں سیف سٹی پراجیکٹس میں 88 ارب روپے بچائے ہیں۔ سیف سٹی پراجیکٹس پر 100ارب روپے خرچ ہونے تھے لیکن بہترین فیصلہ سازی کرکے ان پراجیکٹس کو ساڑھے 12ارب روپے میں بنایا جارہا ہے۔ پنجاب میں 100 ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کا کام تیز رفتاری سے جاری ہے۔پرانے ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کے ساتھ نئے ہسپتال بھی بنا رہے ہیں۔ہم اپنا کام کر رہے ہیں آنے والی حکومت اپنا کام کرے گی۔وزیراعلی محسن نقوی نے کہا کہ ایئر چیف تعلیم اور ٹیکنالوجی پر بہت توجہ دے رہے ہیں اور انہوں نے ان دونوں شعبوں کے لئے بے مثال کام کیا ہے۔

ہم ایئر چیف کی تعلیم اور ٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے امید کے ساتھ واپس گھر جانا ہے، مایوسی کے ساتھ نہیں۔انہوں نے کہا کہ کچے میں گزشتہ 10ماہ سے 95 فیصد علاقے پر پنجاب پولیس کا کنٹرول ہے۔ 60 ہزار ایکڑ کا علاقہ ڈاکوئوں سے واگزار کرایا گیا ہے۔ سموگ سے نمٹنے کے لئے ہر سطح پر اقدامات کررہے ہیں۔ پنجاب میں سرکاری سطح پر پٹرول موٹر سائیکل خریدنے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔اب سرکاری سطح پر الیکٹرک بائیک ہی خریدی جائیں گی۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے کہا کہ 10ہزار طلبہ کو سبسڈی پر الیکٹرک بائیک دی جائیں گی۔ سرکاری ملازمین کو بھی لیز پر الیکٹرک بائیک ملیں گی۔ اگر میں عوام کو ریلیف دینے کے لئے ایک فیصد بھی کامیاب ہوگیا تو یہ ہماری کامیابی ہوگی۔بلاشبہ عوام کی سہولت کے لئے بہت سے کام ہوسکتے ہیں لیکن ہم نگران سیٹ اپ میں ہیں۔

وزیر اعلی محسن نقوی نے کورس کے شرکا کے سوالات کے جوابات دیئے۔ ایئر وائس مارشل حسین احمد صدیقی نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور پنجاب حکومت کے فلاح عامہ کے منصوبوں کو سراہا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور ڈی آئی جی پولیس نے صوبے کے عوام کی سہولت اور یلیف دینے کیلئے جاری منصوبوں، امن و مان کی صورتحا ل اور صوبے میں اصلاحاتی پروگرام کے بارے میں بریفنگ دی۔

ایئروار کالج انسٹیٹیوٹ کے کورس کے شرکا میں پاکستان ایئرفورس، نیوی، آرمی سمیت نائیجریا، جنوبی افریقہ، ایران، سعودی عرب، ملائیشیا،، انڈونیشا، یمن اور دیگر ممالک کے آفیسرز شامل تھے۔ صوبائی وزرا منصور قادر، عامر میر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ،،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=413921

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں